نو مئی مقدمات؛ یاسمین راشد‘ اعجاز چوہدری‘ محمود الرشید‘ عمرسرفراز چیمہ و دیگر کو سزا، شاہ محمود قریشی بری

لاہور کوٹ لکھپت جیل میں تھانہ شادمان اور تھانہ سرور روڈ مقدمہ میں مجموعہ طور پر 37 افراد کیخلاف فیصلہ سنایا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 اگست 2025 16:25

نو مئی مقدمات؛ یاسمین راشد‘ اعجاز چوہدری‘ محمود الرشید‘ عمرسرفراز ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء ) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے لاہور میں درج مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد اور سینیٹر اعجاز چوہدری کو سزا سنادی جب کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قائم عدالت نے تھانہ شادمان اور تھانہ سرور روڈ مقدمہ میں مجموعہ طور پر 37 افراد کیخلاف فیصلہ سنایا جہاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ نو مئی کے ان کیسز میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو دس دس سال قید سزا سنائی ہے، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو دونوں مقدمات میں دس دس سال کی سزا سنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ فیصلے میں عدالت نے تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو 5 سال اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کو بھی 5 سال قید کی سزا سنائی ہے، ملزمان کو تھانہ شادمان اور راحت بیکری جلانے کے کیسز میں سزائیں سنائی گئیں، عائشہ بھٹہ کو جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ تھانہ شادمان کو آگ لگانے کے کیس میں 12 ملزمان کو بری کیا گیا، جن میں سہیل خان، اویس، رفیع الدین، فرید خان، سلمان احمد، عبدالقادر، فیضان، طیب، سلطان، شاہد بیگ، ماجد علی، بخت روان شامل ہیں جن کو عدالت نے بری قرار دیا۔