Live Updates

اشیائے خوردونوش کی سرکاری قیمتوں میں رد و بدل

ضلعی انتظامیہ نے 5ماہ 12روز بعد اشیائے خوردونوش کی ریٹ لسٹ جاری کر دی، چاول 55 روپے مہنگا کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی پیر 11 اگست 2025 18:22

اشیائے خوردونوش کی سرکاری قیمتوں میں رد و بدل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست2025ء) اشیائے خوردونوش کی سرکاری قیمتوں میں رد و بدل، چاول 55 روپے مہنگا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلعی حکومت نے 5ماہ 12روز بعد اشیائے خوردونوش کی ریٹ لسٹ جاری کر دی۔ مختلف دالوں کی قیمتوں میں 15سے60روپے تک کمی کر دی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر /کنٹرولر جنرل پرائسز لاہور کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ کے مطابق چاول باسمتی سپر ( نیا ) کی قیمت پرچون میں55روپے اضافے سے 305روپے،دال چنا باریک کی قیمت 15روپے کمی سے 260،دال چنا سپیشل20روپے کمی سے275،دال مسور موٹی امپورٹڈکی قیمت بغیر کسی ردو بدل کی260روپے پر مستحکم ہے۔

دال ماش دھلی ہوئی امپورٹڈ40روپے کمی سے410روپے،دال ماش چھلکے والی امپورٹڈ20روپے کمی سے400،دال مونگ چھلکے والی 60روپے کمی سے325،کالا چنا موٹا لوکل 20روپے کمی سے260روپے، کالاچنا باریک لوکل15روپے کمی سے250،سفید چنا امپورٹڈ موٹا15روپے کمی سے295،بیسن30روپے کمی سی270روپے مقرر کر دیے گئے۔

(جاری ہے)

ریٹ لسٹ کے مطابق دودھ کی قیمت بغیر کسی ردو بدل کے 170 مقرر رکھی گئی ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں کھلا دودھ 180سے 230روپے کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔

اسی طرح چھوٹا گوشت ہڈی والا1600روپے اوربڑا گوشت ہڈی والا کی قیت800روپے پر بر قرار رکھی گئی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں چھوٹا گوشت 2500روپے جبکہ بڑا گوشت1200سی1300روپے کلو جبکہ تندوری روٹی 100گرام14روپے کی بجائے 15روپے میں فروخت کی جارہی ہے ۔ دوسری جانب پاکستان میں گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.05 فیصد اضافہ ہوگیا۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سالانہ شرح 1.73 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی میں 0.05 فیصد اضافہ ہوا، مہنگائی کی سالانہ شرح 1.73 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، اس دوران 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 27 کے دام مستحکم رہے۔ایف بی ایس کے مطابق پیاز 16.53 فیصد، ٹماٹر 10.17، چکن 4.12 فیصد مہنگا ہوا، انڈے، دال مسور، چائے، تازہ دودھ، ڈیزل، سگریٹس، لکڑی بھی مہنگی ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کیلے، دال مونگ، ماش، آلو، چینی کے دام کم ہوئے، لہسن، چاول، گندم کا آٹا، ایل پی جی اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف شہروں میں چینی کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، ملک میں گزشتہ ہفتے چینی کی اوسط قیمت میں 66 پیسے فی کلو کمی ہوئی، چینی کی اوسط قیمت 179.33 سے کم ہو کر 178.67 روپے کلو ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں چینی 172 سے 190 روپے فی کلو فروخت ہوئی، پشاور میں چینی سب سے زیادہ مہنگی، 190 روپے کلو تک فروخت ہوئی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ 185، کوئٹہ 182، بنوں، فیصل آباد 180 روپے ریٹ رہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد اور ملتان میں چینی کی قیمت 180، سکھر میں قیمت 175 روپے کلو ریکارڈ کی گئی، راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں چینی 173 روپے کلو تک فروخت ہورہی ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات