پاکستان کے قیام میں لاکھوں تحریک آزادی کے شہدا کا لہو شامل ہے،راحیلہ ٹوانہ

آزادی نعمت خداوندی،دو قومی نظریے اور بابا قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ خیز قیادت کی بدولت ہمیں آزادی نصیب ہوئی،سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی

پیر 11 اگست 2025 19:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)اے پی ایم ایل اور پاکستان اسٹیڈی سرکل کے اشتراک سے ٹوانہ ہاس میں میں14اگست، شہدائے پاکستان، معرکہ حق و سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کی 82 ویں یوم پیدائش پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی راحیلہ ٹوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام میں لاکھوں مجاہدین تحریک آزادی کا لہو شامل ہے پاکستان کا قیام دو قومی نظریے اور بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جنا ح کی ولولہ خیز غیر متزلزل قیادت کی بدولت عمل میں آیا آزادی نعمت خداوندی ہے جس کی ہمیں قدر کرنے چاہیے انہوں نے شہدائے وطن کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا انہوں نے افواج پاکستان کی وطن عزیز کے لیے بے بہا قربانیوں کو سراہتے ہوئے ان کی قربانیوں پر انہیں سلام پیش کیا راحیلہ ٹوانہ نے سابق صدر اور چیف آف آرمی اسٹاف سید پرویز مشرف کی قومی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت ملک گیر سطح پر جو ترقی پرویز مشرف کے دور میں ہوئی اس کی نظیر کسی جمہوری حکومت میں نہیں ملتی پرویز مشرف قوم کا فخر تھے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پر تنقید کرنے والے خود آمرانہ ذہنیت کے مالک ہیں جنہوں نے اپنی اپنی جماعتوں میں ڈکٹیٹر شپ قائم کر رکھی ہے کسی جماعت میں کبھی الیکشن نہیں ہوئے ہمیشہ سلیکشن کے ذریعے آمرانہ سوچ رکھنے والی جماعتوں کے قائدین نے خود کو منتخب کرایا آج ملک میں جمہوریت کے نام پر کھلواڑ کیا جا رہا ہے لوگوں کو بولنے کی آزادی حاصل نہیں انصاف کے دروازے بند ہیں انہوں نے کہا کہ اندھیرے کے بعد صبح ضرور طلوع ہوگی اندھیرے عارضی ہیں