قیام پاکستان میں مسیحیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے، بشارت اُٹھوال

یہ ملک سب کا ہے، پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے ہم کل بھی قربانیاں دیتے رہے اور آج بھی تیار ہیں،پرویز گل

پیر 11 اگست 2025 19:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)معروف مسیحی سیاسی، سماجی اور کاروباری رہنما بشارت اُٹھوال نے کہا کہ پاکستان کے قیام میں مسیحی برادری کا کردار کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ستیہ پرکاش سنگھا جیسے رہنماوں نے پاکستان کے حق میں فیصلہ کن ووٹ دے کر اس ملک کی بنیاد مضبوط کی۔ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک، مسیحیوں نے تعلیم، صحت، تجارت، فوج اور کھیل سمیت ہر شعبے میں خدمات انجام دی ہیں۔

آج بھی ہمارے اسکول، اسپتال، یونیورسٹیاں اور سماجی ادارے ملک کے ہر شہری کو بلا امتیاز خدمت فراہم کر رہے ہیں۔ یہ ملک سب کا ہے، اور اس کی ترقی و استحکام کیلئے ہم کل بھی قربانیاں دیتے رہے اور آج بھی تیار ہیں۔معروف مسیحی رہنما اور تاجر پرویز گل نے کہا کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی معیشت کی ترقی میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

''ہمارے کاروباری ادارے نہ صرف روزگار فراہم کر رہے ہیں بلکہ ملکی صنعت و تجارت کو عالمی سطح پر متعارف کروا رہے ہیں۔

قومی یومِ اقلیت ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہم سب، چاہے کسی بھی مذہب یا برادری سے تعلق رکھتے ہوں، ایک ہی سبز و سفید پرچم کے تلے متحد ہیں۔معروف مسیحی قانون دان اور انسانی حقوق کے علمبردار سلیم مائیکل ایڈوکیٹ نے کہاکہ پاکستان کے آئین میں ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ مسیحی برادری نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے آواز بلند کی اور انسانی حقوق کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک ایسا پاکستان دیں جہاں انصاف ہر دروازے پر دستک دے۔معروف مسیحی سیاسی و سماجی رہنما شہباز سرویا نے کہاکہ تعلیم اور صحت کے میدان میں مسیحی اداروں نے وہ خدمات انجام دی ہیں جو پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ یومِ اقلیت اس عزم کی تجدید ہے کہ ہم اپنی قربانی اور خدمت کی روایت کو جاری رکھیں گے اور وطنِ عزیز کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ان تمام رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قومی یومِ اقلیت محض ایک دن کی تقریبات نہیں بلکہ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ پاکستان سب کا ہے۔ اس ملک کی تعمیر میں اکثریت اور اقلیت نے مل کر بنیاد رکھی تھی اور آج بھی ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے سب کو ایک ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔