پشاور ، قوت سماعت وگویائی سے محروم مریضوں کے لئےفری میڈیکل کیمپ

پیر 11 اگست 2025 20:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) الخدمت ہسپتال ڈبگری گارڈن پشاور میں قوت سماعت وگویائی سے محروم مریضوں کے لئے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ کیمپ میں ای این ٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹروں اور ماہرین قوت سماعت وگویائی کی زیر نگرانی مجموعی طور پر 367 مریضوں کا مفت طبی معائنہ اور تشخیصی ٹسٹ کئے گئے جبکہ کیمپ میں نادار اور مستحق مریضوں کو ساڑھے 57لاکھ روپے سے زائد مالیت کے مفت آلہ سماعت و گویائی بھی مریضوں کو فراہم کئے گئے۔

الخدمت فائونڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص کی زیر نگرانی منعقدہ اس فری میڈیکل کیمپ میں صوبے کی معروف ماہر امراض نسواں سابق ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی و ممبر سینیٹ آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مہرتاج روغانی مہمان خصوصی تھی جبکہ اس موقع پر ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشفاق احمد، معروف کاروباری شخصیت و صدر انجمن تاجران خیبربازار پشاور خالد محمودسمیت ماہرین طب نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ اس موقع پر سننے اور بولنے کی صلاحیت سے محروم بچوں اور مریضوں کے علاج اور تشخیص کے لئے سپیشلسٹ ڈاکٹروں اور اپنے شعبے کے ماہرین کی زیرنگرانی گونگے اور بہرے بچوں کے مفت ٹسٹ، سپیچ تھراپی، فزیوتھیراپی اور ہیرنگ ٹسٹ کئے گئے اور ضرورت مند مستحق بچوں کو مفت ہیرنگ ایڈ( سننےکا آلہ)بھی فراہم کئے گئے۔