پاکستان تمام مذاہب اور زبانوں کے ماننے والوں کا ہے، چارٹر آف ڈیمانڈ ہر صورت منظور کروائیں گے،سید امین الحق

پیر 11 اگست 2025 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے لیبر ڈویژن کے زیر اہتمام کراچی پورٹ ٹرسٹ ہیڈ آفس میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کے پی ٹی کے محنت کش اور افسران بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ پروگرام میں سینئر مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی سید امین الحق، مرکزی رہنما راشد سبزواری، لیبر ڈویژن کے انچارج ارشد انصاری و کمیٹی اور دیگر موجود تھے۔

سید امین الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے پی ٹی میں 78 واں جشن منا کر خوشی ہو رہی ہے، یہاں ہر زبان بولنے والے لوگ موجود ہیں۔ ماضی میں کے پی ٹی کی آمدنی 2 ارب روپے تھی جو آج بڑھ کر 18 ارب ہو چکی ہے، مگر ملازمین کو اس کا فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ ایم کیو ایم نے ہمیشہ بلا تفریق بھرتیاں کیں، 2012 کا مسئلہ ہر دور میں ہمارا ایجنڈا رہا، اور چارٹر آف ڈیمانڈ اب آخری مراحل میں ہے، کسی بھی رکاوٹ کے باوجود اسے منظور کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں سے حاصل ہوا، ہماری ذمہ داری ہے کہ تمام مذاہب اور اقلیتوں کو ساتھ لے کر چلیں۔ 5 مئی کو بھارت کی بزدلانہ جارحیت کا جواب پاک فضائیہ نے بھرپور انداز میں دیا، 10 مئی کو بھارتی ایئر بیسز کو نشانہ بنا کر دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان ایک ہے اور مضبوط ہے۔ پانی، ٹرانسپورٹ اور مردم شماری کے مسائل پر بھی ایم کیو ایم نے عملی اقدامات کیے، کے فور منصوبہ اگلے سال جولائی میں مکمل ہوگا جبکہ گرین لائن اور 20 ارب روپے کے ڈویلپمنٹ پیکج سمیت کراچی کے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

مرکزی رہنما راشد سبزواری نے ایم کیو ایم کی لیبر ڈویژن اور مزدور قیادت کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی اور اپنے خطاب میں ملک و قوم کی ترقی کیلئے جدوجہد تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری نے کہا کہ کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے لیکن کے پی ٹی میں پاکستان کے ہر مذہب، مسلک، قومیت اور صوبے سے لوگ کام کرتے ہیں، یہ اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔

پاکستان قربانیوں کے بعد آزاد ہوا، اور ایم کیو ایم ہمیشہ آپ کے مسائل کے حل کیلئے آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔تقریب کے اختتام پر جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا، پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا اور شرکا نے "پاکستان زندہ باد"، "ایم کیو ایم پاکستان زندہ باد" اور "پاک فوج زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر پاکستان کی سالمیت، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔