انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے جلا ئوگھیرائو کے واقعات سے متعلق فیصلہ سنا دیا

پیر 11 اگست 2025 22:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی 2023 کے جلا ئوگھیرائو کے احتجاجی واقعات سے متعلق تھانہ شادمان اور راحت بیکری کے قریب پولیس گاڑیوں کو جلانے اور جلائو گھیرائو سمیت دیگر الزامات کے تحت درج دو مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنمائوں ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری ، عمر چیمہ کو دس دس سال سزا جبکہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو پانچ پانچ سال قید کی سزا کا حکم دے دیا بانی پی ٹی آئی کے گارڈ حافظ ارشد کوبھی دس سال قید کی سزا دی گئی۔

جبکہ شاہ محمود قریشی کو دونوں مقدمات میں عدم ثبوتوں کی بنا پر بری کردیا گیا عدالت نے پانچ کمسن ملزمان کو بھی بری کردیا کم سن ملزمان میں فیضان جاوید ،شاہد بیگ ،اویس سردار اور طیب کو بری کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق عدالت سے سزا پانے والے ملزمان میں ڈاکٹر یاسمین راشد ،عمر سرفراز چیمہ ،اعجاز چوہدری ،میاں محمود الرشید ، محمد فہیم ،نیاز احمد علی حسن ،زین علی ،منفر احمد ,اسد علی ،بلال وجاہت دس، دس سال قید کی سزا سنائی، جبکہ عالیہ حمزہ اورصنم جاوید پانچ، پانچ سال کی سزا سنائی۔

(جاری ہے)

تھانہ شادمان جلانے کے کیس میں 25 ملزمان میں سے 12 کو بری کر دیا جبکہ 13 ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں بری ہونے والے ملزمان میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی ، محمد اویس،محمد فیضان ،طیب سلطان، شاہد بیگ،سہیل خانرفیع الدین ،فرید خان ، سلمان احمد ،عبد القادر ، ماجد علی، بخت رواں شامل ہیں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سوموار کو لاہور کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں مقدمہ نمبر 103/23 اور مقدمہ نمبر 768/23 کا فیصلہ سنایا۔

یہ دونوں مقامات پولیس تھانہ سرور روڈ اور پولیس تھانہ شادمان میں درج کئے گئے تھے ۔تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 19 ملزمان کا ٹرائل مکمل کیا گیا، ملزموں میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ شامل ہیں۔تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں کل 41 ملزم نامزد ہیں جبکہ 15 ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں، تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 6 ملزمان زیر حراست جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے، ملزمان کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

جبکہ کینٹ کے علاقے میں واقع راحت بیکری کے باہر پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمے کے ملزمان میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد ، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمودالرشید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید بھی شامل ہیں۔گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں کل 25 ملزم نامزد ہیں جبکہ 7 ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں، راحت بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 12 ملزموں کا ٹرائل مکمل کیا گیا، مقدمے میں 5 ملزم زیر حراست جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے، ملزموں کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

لاہور میں ابتک نو مئی کے تین مقدمات کا فیصلہ سنایا جاچکا ہے ، انسداد دہشت گردی کی دو خصوصی عدالتوں کی طرف تین مقدمات میں 31 ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں نو مئی کے تین مقدمات میں ابتک 26 ملزمان کو بری کیا جاچکا ہے شاہ محمود قریشی نو مئی کے تین مقدمات میں بری ہوچکے ہیں شاہ محمود قریشی کے خلاف نو مئی کے لاہور میں تاحال گیارہ مقدمات زیر سماعت ہے۔