کوالٹی مینجمنٹ ایکسیلنس بارے ڈریپ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، صدر آئی سی سی آئی ناصر منصور قریشی کا تربیتی سیشن سے خطاب

پیر 11 اگست 2025 22:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) ناصر منصور قریشی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے ٹی یو وی آسٹریا بیورو آف انسپیکشن اینڈ سرٹیفیکیشن کے تعاون سے کوالٹی مینجمنٹ سسٹم (آئی ایس او 9001:2015) کو لاگو کرنے بارے تربیتی سیشن کے انعقاد کو سراہا ہے۔

آئی سی سی آئی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے اس تربیتی سیشن میں ریگولیٹرز نے وسیع پیمانے پر شرکت کی۔ناصر منصور قریشی نے اس اقدام کو ادارہ جاتی ایکسیلنس اور عالمی صف بندی کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ ڈریپ کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیارات کو اپنانے سے ریگولیٹری کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور عوامی اعتماد کو تقویت ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فریم ورک ریگولیٹری فیصلوں میں شفافیت، جوابدہی اور مستقل مزاجی کو فروغ دے گا اور عوام کے لیے محفوظ اور موثر طبی مصنوعات کو یقینی بنایا جا سکے گا۔اقتصادی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے زور دیا کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک قابل اعتماد ریگولیٹری ماحول بہت ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط معیارات کے نظام عالمی سطح پر مسابقتی ماحول کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے ادارہ جاتی صلاحیت کی تعمیر اور پبلک پرائیویٹ تعاون کے لیے آئی سی سی آئی کی حمایت کی بھرپور توثیق کی اور ڈریپ کو دیگر پبلک سیکٹر اداروں کے لیے ایک معیار قائم کرنے پر مبارکباد دی۔اپنے اختتامی کلمات میں ڈریپ کے سی ای او ڈاکٹر عبید اللہ نے ادارہ جاتی اصلاحات اور بہترین ریگولیٹری کارکردگی کے لیے اتھارٹی کی لگن کو اجاگر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ISO 9001:2015 کو اپنانے سے آپریشنز کو ہموار کیا جائے گا، شفافیت میں اضافہ ہو گا اور ڈریپ کی نگرانی کو بین الاقوامی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے گا۔اس بارے ماہرین اور عملے کی لگن کو سراہتے ہوئے انہوں نے صلاحیتوں کی تعمیر اور سٹیک ہولڈرز کے اعتماد کے لیے ڈریپ کے عزم کا اعادہ کیا۔سیشن میں محمد عدنان اعظم اور عمر حبیب کے خطابات بھی شامل تھے۔

تقریب کا اختتام ایک انٹرایکٹو سوال و جواب سیشن، سرٹیفکیٹ کی تقسیم اور ایک گروپ فوٹو کے ساتھ ہوا۔ڈائریکٹر لائسنسنگ ڈریپ ڈاکٹر نور محمد، آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، عمران منہاس اور آئی سی سی آئی کے ممبر شاہ فیصل نے بھی تقریب میں شرکت کی۔