فیصل خان کے سنگین الزامات پر عامر خان کے اہل خانہ کا ردعمل سامنے آگیا

نجی معاملے کو سنسنی خیز، اشتعال انگیز اور تکلیف دہ چہ مگوئیوں میں نہ بدلیں،عامر کے خاندان کی میڈیا سے اپیل

منگل 12 اگست 2025 10:40

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)بھارتی اداکار فیصل خان کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات پر عامر خان کے اہل خانہ کا ردعمل سامنے آگیا۔گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں اداکار فیصل خان نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے بھائی بالی وڈ اسٹار عامر خان نے انہیں ایک سال تک گھر میں بند کیے رکھا۔فیصل خان کے مطابق فیملی کی جانب سے بتایا گیا کہ مجھے دماغی بیماری (schizophrenia) ہوگئی ہے جس کی وجہ سے میں پاگل ہوگیا ہوں اور معاشرے کو نقصان پہنچا سکتا ہوں، میرے گھر میں یہ سب باتیں ہورہی تھیں، میں نے خود کو دیکھ کر کہا کہ میں اس مسئلے سے کیسے نکلوں، میں اس صورت حال میں پھنس گیا تھا اور پوری فیملی مجھے پاگل سمجھ رہی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میں اپنے والد کی جانب سے مدد کا منتظر تھا، وہ گھر سے دوراپنی دوسری بیوی کے ساتھ رہتے تھے اورمیرے پاس ان کا نمبر بھی نہیں تھا، عامر نے مجھے گھر میں ایک سال کیلئے قید کردیا تھا، میرا فون لے لیا گیا تھا، میں گھر سے باہر بھی نہیں جاسکتا تھا اور میرے کمرے کے باہر گارڈز موجود تھے جو مجھے دوائیاں دیتے تھے۔

(جاری ہے)

فیصل خان کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات پر اہل خانہ کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اہلِ خانہ نے فیصل خان کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ انہیں بند رکھا گیا اور زبردستی دوا دی گئی۔اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ ہم فیصل کی جانب سے اپنی والدہ بہن اور بھائی عامر پر لگائے گئے الزامات پر رنجیدہ ہیں۔ چونکہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہوں نے ان واقعات کو غلط انداز میں پیش کیا، اس لیے ہم ضروری سمجھتے ہیں کہ اپنا مقف واضح کریں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اہل خانہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ بات شیئر کرنا ضروری ہے کہ فیصل سے متعلق ہر فیصلہ خاندان نے مل کر، طبی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا اور یہ سب محبت، ہمدردی اور اس کی جذباتی و نفسیاتی بھلائی کی بنیاد پر کیا گیا۔ اسی وجہ سے ہم نے ہمیشہ اس مشکل اور تکلیف دہ وقت کی تفصیلات کو عوام میں بیان کرنے سے گریز کیا۔عامر کے خاندان نے میڈیا سے اپیل کی کہ ایک نجی معاملے کو سنسنی خیز، اشتعال انگیز اور تکلیف دہ چہ مگوئیوں میں نہ بدلیں۔