پنجاب بھر میں گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع تعلیم دشمنی ہے،صدرآل پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن

منگل 12 اگست 2025 16:52

پتوکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) آل پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے صدر خان فہد خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع تعلیم دشمنی ہے تعطیلات میں اضافے کا نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لیا جائے۔ بلاجواز تعطیلات نے طلبہ کی تعلیم کو بے حد متاثر کر رکھا ہے سلیبس مکمل کرنے کیلئے طلبہ اور اساتذہ کے پاس بہت کم وقت رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم کے پالیسی میکرز ان چھٹیوں سے اساتذہ اور بچوں پر پڑنے والے بوجھ سے لاعلم ہیں اسلام آباد اور صوبہ سندھ میں تعطیلات ختم ہوچکی اور تعلیمی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں لیکن ہمارے صوبہ کے طالب علموں کا جان بوجھ کر نقصان کیا جارہا ہے۔ائیر کنڈیشنر کمروں میں بیٹھے محکمہ تعلیم کے افسران ایسے فیصلے کررہے ہیں جن سے پنجاب بھر کے طلبہ کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے اپیل کی ہے کہ وہ تعطیلات میں اضافے کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے پندرہ اگست سے سکول کھولنے کے احکامات جاری کریں تاکہ مزید تعلیمی نقصان سے بچا یا جاسکے ۔