جوئے کی پروموشن کا کیس؛ یوٹیوبر ڈکی بھائی کی اہلیہ کی ضمانت منظور

عدالت کی جانب سے عروب جتوئی کو 30 اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اگست 2025 15:47

جوئے کی پروموشن کا کیس؛ یوٹیوبر ڈکی بھائی کی اہلیہ کی ضمانت منظور
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی سیشن کورٹ نے ویڈیوز میں جوئے کو پروموٹ کرنے کے کیس میں یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی ضمانت منظور کرلی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت کی طرف سے عروب جتوئی کو 30 اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا گیا ہے، عدالت نے ڈکی بھائی کی اہلیہ کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کرلی، اس حوالے سے ایڈیشنل سیشن جج نے عروب جتوئی کی عبوری ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکلاء عرفان کلیہ اور راجہ عبدالرحمان رانجھا عدالت میں پیش ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور کی مقامی عدالت نے یوٹیوبر ڈکی بھائی کے ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کردی، جوئے کو پروموٹ کرنے کے کیس میں یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں 4 دن کی توسیع کی گئی ہے، این سی سی آئی اے نے یوٹیوبر ڈکی بھائی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد لاہور کی مقامی عدالت میں مجسٹریٹ نعیم وٹو کے سامنے پیش کیا اور عدالت میں نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے یوٹیوبر ڈکی بھائی کا 28 اگست تک کا مزید جسمانی ریمانڈ مانگا تھا۔

(جاری ہے)

اُردوپوائنٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب زون محمد سرفراز چوہدری نے بتایا کہ سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے خلاف ریاست کی طرف سے ڈیڑھ دو ماہ پہلے انکوائری شروع کی گئی اور اسی وقت جو لوگ بھاگنے کی کوشش میں تھے ان کے نام کنٹرول لسٹ میں بھی دال دیئے گئے تھے، جس کی وجہ سے یہ ٹریول نہیں کرسکتے تھے اور چھپے ہوئے تھے، اب جیسے ہی انہوں نے ملک سے بھاگنے کی کوشش کی ہے تو پکڑے جارہے ہیں اور جو لوگ ملک سے فرار ہیں وہ بھی تیار رہیں ہم ان کے پاس بھی آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈکی بھائی اپنے ولاگز اور پروگرامز میں جوئے کی ایپس کو پروموٹ کر رہے تھے، اس حوالے سے انہوں نے پچھلے کچھ عرصہ مین درجنوں پروگرامز کیے اور ایک پروگرام کے عوض 10 سے 20 ہزار ڈالر تک چارج کر رہے تھے، آپ اندازہ کرلیں اگر انہوں نے 3 درجن پروگرام بھی کیے تو ان سے کتنا زیادہ پیسہ کمایا، اتنے زیادہ پیسے لے کر یہ لوگ بچوں کو جوا کھیلنا سکھا رہے ہیں، ہم ان کی تمام جائیداد کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں، محکمہ ایکسائز سے گاڑیاں بھی چیک کر رہے ہیں کہ کیا وہ سب گاڑیاں ان کے نام پر ہیں، انہوں نے مزید کیا انکشافات کیے، جاننے کیلئے یہ ویڈیو ملاحظہ کریں؛