خیبرپختونخواہ حکومت کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے مزید 2 ارب روپے جاری

تمام سیلاب متاثرین کو معاوضہ ملے گا کوئی بھی محروم نہیں رہے گا؛ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا اعلان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اگست 2025 15:11

خیبرپختونخواہ حکومت کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے مزید 2 ارب روپے جاری
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2025ء ) خیبر پختونخواہ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے مزید دو ارب روپے جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جہاں کابینہ کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ بتایا کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، متاثرہ علاقوں کیلئے 3 ارب کے علاوہ مزید 2 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں، تمام سیلاب متاثرین کو معاوضہ ملے گا، کوئی بھی محروم نہیں رہے گا، متاثرہ علاقوں میں مراکز صحت کو فوری طور پر فعال کرکے موبائل ہسپتالوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے، مکمل صفائی کیلئے خصوصی مہم شروع کی جائے، ٹیوب ویلز کو جلد بحال اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام بھی تیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے بہترین ریسکیو آپریشن کیا، دیگر تمام متعلقہ محکموں اور اداروں نے بروقت اور بہترین رسپانس دیا، اس بہترین کارکردگی پر تمام ادارے اور محکمے تعریف کے حقدار ہیں، پہلے مرحلے میں ریسکیو آپریشن مکمل ہوگیا ہے، تاہم لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، شہداء کے اہل خانہ اور زخمیوں کو معاوضوں کی ادائیگی جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر پیشگی احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں، مال مویشیوں کیلئے چارہ کی فراہمی اور انہیں بیماریوں سے بچانے کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں۔

علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں مکمل صفائی کے لئے خصوصی مہم شروع کیا جائے، سیلاب زدہ علاقوں میں پینے کے پانی ٹیوب ویلز وغیرہ کو جلد بحال کیا جائے، ان علاقوں تک تمام رابطہ سڑکوں کی بحالی کے کام کو تیز کیا جائے، متاثرہ علاقوں میں املاک کے نقصانات کا ڈیٹا اکھٹا کیا جا رہا ہے، جن جن کے گھر تباہ ہوئے ہیں انہیں گھر بنا کر دیں گے، لائیو سٹاک کے نقصانات کا بھی معاوضہ دیا جائے گا، اسی طرح جن کے کاروبار متاثر ہوئے ہیں انہیں بھی بھر پور پیکیج دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کے لئے مزید افسران تعینات کیے جائیں، صوبائی حکومت اس پوزیشن میں ہے کہ اپنے لوگوں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کر سکے، تاہم لوگ متاثرین کی مدد کے لیے صوبائی حکومت سے رابطہ کر رہے ہیں، لوگوں کے عطیات کو حقداروں تک پہنچانے اور اس میں بھر پور شفافیت کے لئے خصوصی اکاونٹ کھولا جارہا ہے، متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امداد کے لیے تین ارب روپے کے علاوہ مزید دو ارب روپے جاری کیے گئے۔