ہم سے بہت غلطیاں ہوئیں‘ نو مئی غلط تھا دوبارہ نہیں ہونا چاہیئے، بیرسٹرگوہر

نو مئی کے ٹرائل پر انکاری نہیں لیکن ہمارے ساتھ قانون کے مطابق سلوک نہیں کیا گیا، ہم انتخابات میں جیتے تو 180 نشتیں تھے لیکن اسمبلی آئے تو 91 ہوگئیں اور اب 76 رہ گئی ہیں؛ چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا ٹاک

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اگست 2025 15:24

ہم سے بہت غلطیاں ہوئیں‘ نو مئی غلط تھا دوبارہ نہیں ہونا چاہیئے، بیرسٹرگوہر
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ہم سے بہت غلطیاں ہوئیں، 9 مئی غلط تھا ، دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔ پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم فرشتے نہیں ہیں، 9 مئی ایک غلطی تھی، جس کی ہم سب نے مذمت کی، دوبارہ ایسا نہیں ہونا چاہیئے، ہماری جماعت نے اس کی مکمل شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، ہم 9 مئی کے ٹرائل پر انکاری نہیں لیکن ہمارے ساتھ قانون کے مطابق سلوک نہیں کیا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں پارلیمنٹ کا بھی احترام کیا جائے، اب بس ہونی چاہئئے، انصاف ہونا چاہئے، ہم جب انتخابات میں جیتے تو 180 نشتیں تھے لیکن اسمبلی آئے تو 91 ہوگئیں جس کے بعد اب 76 رہ گئی ہیں، اتنے تو خزاں میں پتے نہیں جھڑتے جتنی نشستیں انہوں نے ہم سے واپس لے لیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ بونیر کیلئے ہر جگہ سے لوگ آئے، مدد پر پاک فوج اور حکومت کے شکر گزار ہیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے بونیر کے انفراسٹرکچر کیلئے امداد کا اعلان کیا، ہم نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ دل کھول کر سیلاب متاثرین کی امداد کریں تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو سہارا دیا جا سکے۔

علاوہ ازیں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس وقت صوبہ خیبرپختونخواہ سیلاب کی زد میں ہے، مختلف علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے، بونیر کے کئی علاقوں میں گھروں کو نقصان پہنچا، جانور اور گاڑیاں سیلاب میں بہہ گئیں، بونیر کے ارکان اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا، عوام سے اپیل ہے کہ حوصلہ رکھیں اور ایک دوسرے کا ساتھ دیں، ریسکیو آپریشن میں شہری ساتھ دیں، صوبائی حکومت آپ کے ساتھ ہے، سیاست سے بالاتر ہو کر نقصانات کا ازالہ اور خدمات سر انجام دینی ہیں۔