قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے زیراہتمام قومی یوم اقلیت کی مناسبت سے پر وقار تقریب کا انعقاد

منگل 12 اگست 2025 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر) نے قومی یوم اقلیت کی مناسبت سے مرکزی دفتر اسلام آباد میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستان کے مساوات، مذہبی آزادی اور سماجی شمولیت کے عزم کو ایک بار پھر دوہرایا گیا۔ منگل کو این سی ایچ آر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب کی صدارت این سی ایچ آر کے رکن برائے اقلیتی امور منظور مسیح نے کی جنہوں نے اپنے خطاب میں کمیشن کے اس اہم کردار کو اجاگر کیا جو وہ ملک میں اقلیتی برادریوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے این سی ایچ آر کی ان سرگرمیوں پر روشنی ڈالی جو معاشرتی ترقی، قانونی تحفظ اور تمام شہریوں کے لیے مذہب و عقیدہ سے بالاتر مساوی مواقع کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد این سی ایچ آر کے مینڈیٹ اور پاکستان بھر میں اقلیتی حقوق کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔

اس موقع پر تقریباً تمام مذہبی برادریوں کے نمائندے، اکثریتی برادری کے اراکین کے ہمراہ، اتحاد و یکجہتی کے اظہار کے لیے شریک ہوئے۔تقریب میں ممتاز پارلیمانی شخصیات نے شرکت کی جن میں رکن قومی اسمبلی آسیہ تنولی، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم، پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم، کھیل اور ثقافت فرح اکبر ناز اور رکن قومی اسمبلی مہ جبین عباسی شامل تھیں۔

اس کے علاوہ سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات اور این سی ایچ آر کے عملے نے بھی بھرپور شرکت کی۔مقررین نے پاکستان کے قیام میں اقلیتی برادریوں کے تاریخی کردار اور ملکی ترقی میں ان کی جاری خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرکا نے اقلیتی مسائل کے حوالے سے این سی ایچ آر کی کاوشوں کو سراہا اور حکومت کے ان اقدامات کی تعریف کی جو اقلیتی حقوق کے فروغ کے لیے کیے گئے ہیں۔

انھوں نے خاص طور پر قومی اقلیتی دن کے سرکاری اعلان کو بےحد سراہا جو قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947ء کے تاریخی خطاب کے عین مطابق ہے جس میں انہوں نے تمام شہریوں کے لیے مساوات اور مذہبی آزادی پر زور دیا تھا۔شرکا نے اقلیتوں کے حقوق و تحفظ کیلئے ہونے والی اب تک کی پیش رفت کو تسلیم کیا تاہم شرکا نے اس امر کی نشاندہی کی کہ اقلیتی برادریوں کو درپیش بعض مسائل اب بھی موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک متحدپاکستان کی تشکیل کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور شہریوں کی مشترکہ اور مسلسل کوششیں ناگزیر ہیں۔تقریب کا اختتام کیک کاٹنے کی تقریب اور شرکا کے مابین رفاقت و اتحاد کے عزم کے ساتھ ہوا۔