متروکہ وقف املاک بورڈ میں 10ویں روز بھی قلم چھوڑ ہڑتال، سرکاری امور مفلوج

ملازمین کا تنخواہیں، تعلیمی وظائف اور ہاؤس ایڈوانس بحالی اور بڑھائی جانے والی تنخواہ فوری ادا کرنے کا مطالبہ

منگل 12 اگست 2025 17:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) نیشنل ایمپلائز یونین (متروکہ وقف املاک بورڈ) کی کال پر ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی 10ویں روز قلم چھوڑ ہڑتال جاری رہی، جس کے باعث دفتری امور مکمل طور پر معطل رہے۔ کراچی زونل آفس اور مرکزی دفتر ایم اے جناح روڈ پر ملازمین نے زبردست احتجاج کیا اور بینرز و پلے کارڈز کے ساتھ اپنے مطالبات پیش کیے۔

(جاری ہے)

احتجاجی ملازمین نے کہا کہ ہماری جدوجہد پرامن ہے اور ہم وفاقی حکومت سے اپنا حق مانگ رہے ہیں، جس میں قابل ذکر مطالبات میں جولائی 2025 سے بڑھائی جانے والی تنخواہ فوری ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا، ملازمین کے بچوں کو تعلیمی وظائف دیئے جائیں اور بلخصوص ہائوس ایڈوانس کا سلسلہ دوبارہ جاری کیا جائے۔ اس موقع پر احتجاجی ملازمین نے صدر مملکت پاکستان، وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر خزانہ اور وفاقی وزیر مذہبی امور پاکستان سے اپیل کی کہ نیشنل ایمپلائز یونین (متروکہ وقف املاک بورڈ) کی جانب سے دیئے گئے چارٹر آف ڈیمانڈ کو منظور کیا جائے۔