شہر کراچی میں ڈمپر مافیا کو کھلی چھوٹ، انتظامیہ انسانی جانوں سے کھیل رہی ہے، طحہ احمد خان

منگل 12 اگست 2025 17:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن صوبائی اسمبلی و ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی طحہ احمد خان نے اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کی ریزولیوشن کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں، لیکن اس شہر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ڈمپر مافیا کی بے لگام کارروائیاں ہیں، جو روزانہ معصوم جانیں لے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ سیاسی یا لسانی نہیں بلکہ خالص انسانی جانوں کا ہے، حالیہ واقعات میں حاملہ پختون بہن کا المناک حادثہ، جس میں بچہ سڑک پر ہی دنیا میں آیا اور پہلی سانس لینے سے پہلے دم توڑ گیا، اس شہر میں قانون کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔حق پرست رکن اسمبلی طحہ احمد خان نے کہا کہ حکومت جانی نقصان پر خاموش ہے، نہ کوئی تعزیت، نہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات، جبکہ مالی نقصان پر ڈمپر مافیا کو معاوضہ دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہم مالی نقصان کے معاوضے کے خلاف نہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ جانی نقصان کے وارث کہاں جائیں کیا اس شہر کے بچوں پر انسانی حقوق کا اطلاق نہیں ہوتا.انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈمپر مافیا کے خلاف سخت چیک اینڈ بیلنس قائم کیا جائے، ملوث ڈرائیورز اور ذمہ دار عناصر کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے، اور شہید ہونے والوں کے لواحقین کو فوری معاوضہ دیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کسی صورت لسانی فسادات نہیں چاہتی اور شہر کا امن ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔