ایس آئی اے کے یاسین ملک کی رہائشگاہ سمیت متعدد گھروں پر چھاپے

منگل 12 اگست 2025 17:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نئی دلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے بھارتی پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر میں غیر قانونی طورپر نظربند جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی رہائش گاہ سمیت متعدد دیگر گھروں پر چھاپے مارے ہیں ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایس آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر 8مقامات پر چھاپے مارے اور گھروں کی تلاشی لی۔یہ چھاپے لبریشن فرنٹ سے وابستہ رہنے والے رہنمائوں پیر نور الحق شاہ ، جاوید احمد میر، ریاض کبیر شیخ، بشیر احمد گوجری، فیروز احمد خان، قیصر احمد تیپلو اورغلام محمد تیپلو گھروں پر مارے گئے ہیں۔ایس آئی اے نے دعویٰ کیاہے کہ یہ چھاپے سرلا بھٹ نامی ایک کشمیری پنڈت خاتون کے اغوا اور قتل سے متعلق 36سال پرانے کیس کے سلسلے میں مارے گئے ہیں۔اسے اپریل 1990میں سرینگر میں صورہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ہاسٹل سے لاپتہ ہوگئی تھی اور بعد ازاں سرینگر میں مردہ پائی گئی تھی۔