بلوچستان کی مٹی ہماری پہچان، ہماری غیرت، اور ہماری سب سے قیمتی میراث ہے، جے ڈبلیو پی

منگل 12 اگست 2025 21:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2025ء) بلوچستان کی مٹی ہماری پہچان، ہماری غیرت، اور ہماری سب سے قیمتی میراث ہے اس پر کسی قسم کا سود و سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ولولہ انگیز بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کی مٹی صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں، یہ ہماری قومی روح ہے، ہماری تاریخ ہے، ہمارا ورثہ ہے۔

اسی مٹی نے ہماری قومی تہذیب کو جنم دیا، ہمیں ہماری شناخت دی، اور ہماری نسلوں کو ایک مضبوط اور باوقار مقام بخشا۔ اس سرزمین سے قیمتی دنیا میں کوئی شے نہیں، اور بلوچستان کا ہر فرد اس مٹی کا بلاشرکتِ غیرے وارث ہے۔بیان میں کہا گیا کہ جمہوری وطن پارٹی بلوچستان کے قومی، تاریخی، سیاسی، انسانی اور جمہوری حقوق کی بقا، آئین و قانون کی بالادستی، اور اخلاقی اصولوں کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

ہم کسی ایسے قانون یا فیصلے کو تسلیم نہیں کریں گے جو بلوچستان کے وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کرے۔مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ کالا قانون بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وسائل کو مستقل طور پر لوٹنے اور قابض قوتوں کے حوالے کرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔ بلوچستان کے عوام اس استحصالی منصوبے کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔

جب ہمارے آبا اجداد نے قومی تشکیل کیلئے اپنی جانیں قربان کیں، اس وقت ہمارے پاس سونا، تیل یا معدنیات نہیں تھی صرف یہ مٹی تھی جس میں ہماری تہذیب نے سانس لی اور جس نے ہمیں قومی غیرت اور پہچان دی۔ یہی مٹی سب سے زیادہ قیمتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ آج تاریخ نے ہمیں دو راستوں پر لا کھڑا کیا ہے یا تو بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکر اپنے قومی حقوق کا دفاع کریں، یا پھر محض اپنے گروہی وجود کو بچانے کیلئے قومی مفاد سے غداری کریں۔

اب کوئی تیسرا راستہ باقی نہیں رہا۔صوبے میں امن و امان کے نام پر لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کی سازش بھی بلوچستان کے عوامی اختیار پر حملہ ہے۔ لیویز ہماری روایات، ہماری خودمختاری اور ہماری تاریخ کا حصہ ہے۔ اس سازش کو ناکام بنانا ہر محبِ وطن بلوچ اور پشتون کی ذمہ داری ہے۔جمہوری وطن پارٹی نے عزم ظاہر کیا کہ ہم ہر پلیٹ فارم پر عوام کو بیدار کریں گے، اس مٹی اور وسائل پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے، اور اپنے حق، اپنی شناخت اور اپنی غیرت کی حفاظت کیلئے آخری دم تک کھڑے رہیں گے۔ بلوچستان کی مٹی ہماری ماں ہے اور ماں کو بیچا نہیں جاتا، اس کیلئے لڑا جاتا ہے۔