یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اور پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ’’آزادی سائیکل ریس‘‘ کا انعقاد

منگل 12 اگست 2025 22:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اور پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ’’آزادی سائیکل ریس ‘‘منعقد کی گئی۔ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے آزادی سائیکل ریس میں شرکت کی اور سائیکلسٹس کے ساتھ خود بھی سائیکل چلائی،جس سے شرکاکا جوش و خروش مزید بڑھ گیا۔صوبائی وزیر نے یونیک ہیڈ آفس میں چیئرمین یونیک گروپ عبدالمنان خرم اور دیگر کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،نوجوانوں کیلئے جدید سپورٹس انفرا اسٹرکچر کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں100 ملٹی پرپز سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے گئے ہیں، سائوتھ ایشیاکا پہلا بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم قائم کیا گیا ہے جبکہ جلد ہی باکسنگ ایرینا اور سکوائش کمپلیکس کی خوشخبری بھی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

مزید برآں پاکستان کا پہلا بیس بال گرائونڈ بھی پنجاب میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے کھیلوں کے فروغ کے لیے خصوصی بجٹ فراہم کیا ہے اور سائیکل ٹریک کیلئے ویلیو ڈروم کو جلد دوبارہ فعال کیا جائے گا۔

اس موقع پر چیئرمین یونیک گروپ عبدالمنان خرم نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ماحول دوست اقدامات قابل تحسین ہیں جبکہ موٹر سائیکل کے لیے علیحدہ ٹریک ایک نظم و ضبط کی مثال بن رہا ہے،آج کی آزادی ریس نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے تاہم پنجاب حکومت کی طرف سے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں لانا ایک احسن اقدام ہے کیونکہ جن ممالک کے کھیلوں کے میدان آباد رہتے ہیں،ان کے ہسپتال ہمیشہ ویران رہتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کئے اور شرکاکے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔تقریب میں ایم پی اے خالد کھوکھر،یونیک گروپ کے چیئرمین عبدالمنان خرم، پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شہزادہ بٹ، پروفیسرز، والدین اور طلباکی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔