چوہدری انوارالحق کا بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

منگل 12 اگست 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کوزبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا بلوچستان میں ژوب کے علاقے سمبازہ میں فتنہ الہندوستان کے مزید 3 دہشتگرد ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ گزشتہ دنوں میں مختلف آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 50 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہیں،فتنہ الہندوستان کی سرکوبی کے لیے سکیورٹی فورسز کی انگنت قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ، چوہدری انوار الحق نے کہا کہ فتنہ الہندوستان بلوچستان بھر میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام میں ملوث ہے،فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو قوم نے متحد ہو کر ناکام بنانا ہے۔