اگست تاریخی دن نہیں ،کشمیری قوم کی پاکستان سے محبت اور وابستگی کا عملی اظہار ہے، سردارعتیق

منگل 12 اگست 2025 22:40

مظفرآباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ 14 اگست یومِ آزادی صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ کشمیری قوم کی پاکستان سے محبت اور وابستگی کا عملی اظہار ہے۔ پوری کشمیری قوم اس دن کو شایانِ شان طریقے سے منائے اور ہر گلی، محلے اور گھر پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر دنیا کو یہ پیغام دے کہ کشمیری عوام اپنے مقدر کو پاکستان کے ساتھ وابستہ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے کارکنان 14 اگست کو گھروں، دکانوں، گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور سڑکوں پر پاکستان کے جھنڈے آویزاں کریں۔ آزادکشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم مسلم کانفرنسی کارکنان یومِ آزادی کی مناسبت سے تقریبات منعقد کریں تاکہ ہر سطح پر پاکستان سے یکجہتی کا پیغام پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی مجاہد منزل پر مختلف وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوںنے کہا کہ نظریہ الحاقِ پاکستان اور ''کشمیر بنے گا پاکستان'' کے نعرے پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ کسی مفاد، لالچ یا دباؤ سے بالاتر ہو کر ریاست جموں و کشمیر میں پاکستان کا پرچم سربلند رکھیں گے۔ جماعتی کارکنان، ٹریڈرز اور ٹرانسپورٹرز اس موقع پر اپنے گھروں، دکانوں اور گاڑیوں پر پاکستان کا پرچم آویزاں کریں۔ پاکستان کشمیریوں کا محسن اور واحد سہارا ہے جو بھارتی جبر سے نجات دلا سکتا ہے۔

کشمیری قوم پہلے ہی چھے لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ پاکستان کی محبت میں پیش کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پُرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا تو پاکستان کی مسلح افواج منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ''سرحد پر دشمن کی گولی کے سامنے سینہ تان کر پہرہ دینے والا جوان ہمارے ماتھے کا جومر ہے، اور راہِ حق میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے محسن ہیں، جنہیں پوری کشمیری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

''سردار عتیق نے واضح کیا کہ جب تک مسلم کانفرنس کا ایک بھی کارکن زندہ ہے، آزادکشمیر میں پاکستان کا پرچم کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مملکتِ پاکستان ہماری اُمیدوں کا محور و مرکز ہے اور مضبوط پاکستان ہی کشمیری عوام کی آزادی کی ضمانت ہے۔ کمزور معاشی حالات عارضی ہیں، ہم نہ مایوس ہیں اور نہ کسی عالمی طاقت سے مرعوب۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے ہمارے اسلاف نے جو راہ متعین کی تھی، اس پر پوری جرات اور استقامت کے ساتھ پہرہ دیتے رہیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے 23 اگست یومِ نیلہ بٹ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی قربانیوں اور ریاستی آزادی کے عزم کی علامت ہے۔ مسلم کانفرنس کے کارکنان اور عوام یومِ نیلہ بٹ کو بھی تاریخی جوش و جذبے سے منائیں، کیونکہ یہ دن ہمارے اس عہد کی تجدید ہے کہ ہم اپنی آزادی کے مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔سردار عتیق احمد خان نے آزادکشمیر بھر کے کارکنان، ٹرانسپورٹرز اور ٹریڈرز سے اپیل کی کہ 14 اگست اور 23 اگست کے موقع پر گھروں، دکانوں، دفاتر اور گاڑیوں پر پاکستان کا پرچم آویزاں کر کے دنیا کو یہ پیغام دیں کہ کشمیر اور پاکستان ایک ہیں اور رہیں گے۔