نوشہرہ ،مین جی ٹی روڈ پر اہلیان علاقہ کا بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

منگل 12 اگست 2025 19:20

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)نوشہرہ کے علاقہ پیرپیائی میں مین جی ٹی روڈ پر اہلیان علاقہ کا بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ ،مظاہرین نے کئی گھنٹے روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا انتظامیہ اور مظاہرین کے مابین مذاکرات ناکام ہونے پر جی ٹی روڈ میدان جنگ بن گیا ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد شدید زخمی جماعت اسلامی کے نائب امیر ارشد انور سمیت عوامی نیشنل پارٹی کے عرفان غفور سمیت درجنوں مظاہرین گرفتار ،تفصیلات کے مطابق بجلی کی ناروا اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف پیرپیائی اور ملحقہ علاقوں کے سینکڑوں عوام نے پیرپیائی کے مقام پر مین جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا مظاہرین کا کہنا تھا کہ پہلے 6گھنٹے لوڈ شیڈنگ تھا لیکن اس شدید گرمی کے موسم کے باوجود اب بجلی لوڈ شیڈنگ 12گھنٹے کردیا گیا کیا یہ ظلم نہیں پولیس سمیت دیگر اعلی حکام موقعہ پر پہنچ گئے لیکن مظاہرین نے مذاکرات سے انکار کردیا اور جب مذکرات ہوئے تو وہ ناکامی کا شکار رہے جس پر پولیس نے روڈ کھولنے کیلیے مظاہرین پر لاٹھی چارج کی اور مظاہرین نے پولیس پر پتھرا کیا جس سے مین جی ٹی روڈ پیرپیائی کے مقام پر میدان جنگ بن گیا ،مظاہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے لاٹھی چارج سمیت آنسو گیس شیلنگ اور فائرنگ بھی کی ہے جس سے عزیر ولد تاج ولی سکنہ پیرپیائی سمیت دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس نے مظاہرین 24افراد کے خلاف مقدمہ درج کر دیا ہے اور کئی کو موقع پر ہی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے کے عوام نے پرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج آنسو گیس شیلنگ اور فائرنگ کے خلاف دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کا عندیہ دیا ہے۔