صوبائی محکمہ توانائی وبرقیات کایوم آزادی ومعرکہ حق جوش وجذبے سے منانے کا اہتمام

منگل 12 اگست 2025 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) محکمہ توانائی وبرقیات خیبرپختونخوانے ہرسال کی طرح امسال بھی 14اگست کویوم آزادی اوربالخصوص فتح معرکہ حق انتہائی جوش وجذبے کے ساتھ منانے کے لئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔اس سلسلے میں محکمہ توانائی وبرقیات اوراس کے تمام ذیلی اداروں پیڈو، خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی، خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی اور خیبرپختونخوا الیکٹرک انسپکٹریٹ کے دفاترکو سبزرنگ کے پرچموں،جھنڈیوں اوربرقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

اس کے ساتھ اداروں سے منسلک جملہ ملازمین کی طرف سے ہفتہ جشن آزادی ومعرکہ حق کے حوالے سے خصوصی واک کا بھی اہتمام کیا گیاہے جس میں ملازمین کی طرف سے پاکستان زندہ باد،یوم آزادی زندہ باد،سوہنی دھرتی اللہ رکھے،معرکہ حق زندہ باد،پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے ہیں اوردھرتی ماں کے ساتھ اظہارمحبت کاعزم دھریاگیاہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے توانائی انجینئرطارق سدوزئی اورسیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیرخان نے جاری پیغامات میں محکمے کے تمام ملازمین سمیت عوام الناس کویوم آزادی پرمبارکباددیتے ہوئے اس عزم کودہرایاہے کہ محکمہ توانائی وبرقیات اوراسکے تمام ذیلی اداروں کے ملازمین ملک وقوم کے عظیم ترمفاد میں عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تمام توانائیاں صرف کرتے ہوئے خدمات سرانجام دیں گے۔