یومِ آزادی کے موقع پر کرنل شیر خان سٹیڈیم پشاور میں شاندار جشنِ پاکستان تقریب ، رجسٹریشن 15 مقامات پر جاری

منگل 12 اگست 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر صوبائی دارالحکومت پشاور میں 13 اگست کی شب’’جشنِ پاکستان‘‘کے عنوان سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ تقریب کرنل شیر خان اسٹیڈیم پشاور میں رات 8 بجے سے 12 بجے تک منعقد ہوگی جس میں پاکستان کے نامور گلوکار اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔تقریب میں روایتی کھانوں کے فوڈ اسٹالز بھی لگائے جائیں گے جبکہ موسیقی کے پروگرام کے دوران رات 12 بجتے ہی شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

عوام اور فیملیز کے لیے تقریب میں شرکت بالکل مفت ہوگی تاہم داخلہ صرف رجسٹریشن کے ذریعے ممکن ہوگا۔شرکاء کی سہولت کے لیے پشاور شہر میں رجسٹریشن کے 15 مقامات مقرر کیے گئے ہیں، جہاں قومی شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان میں حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس، پشاور یونیورسٹی، ایف جی پبلک اسکول (گرلز اسٹیڈیم روڈ)، کبیر میڈیکل کالج، سٹی یونیورسٹی، عسکری 6 ناصر باغ روڈ، سی ایف سی، جی آر پی، قصہ خوانی بازار اور ہشت نگری بازار شامل ہیں، جبکہ باقی مقامات کی تفصیل متعلقہ انتظامیہ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

تقریب کی تیاریوں، سیکیورٹی اور انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور کمانڈر 102 بریگیڈ علی اصغر خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچ اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز، میئر پشاور حاجی زبیر علی، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ فہد، بلدیاتی حکام اور تاجر تنظیموں کے نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس میں شرکاء کو جشنِ پاکستان تقریب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور تمام اضلاع میں یومِ آزادی شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے اپنے خطاب میں کہا کہ امسال یومِ آزادی کو قومی وحدت اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ شاندار انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ رجسٹریشن کے ذریعے اس یادگار تقریب میں بھرپور شرکت کریں۔