قیام پاکستان میں علماء کا کلیدی کردار تھا، استحکامِ پاکستان میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے،مولانا نورالحق

امین مسجد ہجرت کالونی میںجمعیت علماء اسلام ضلع جنوبی کراچی کا دستوری اجلاس، تنظیمی امور پر اہم فیصلے کیئے گئے

منگل 12 اگست 2025 20:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)جمعیت علماء اسلام ضلع جنوبی کراچی کے امیر شیخ الحدیث مولانا نورالحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام میں علماء کا کلیدی کردار تھا، استحکامِ پاکستان میں بھی علماء و اہل مدارس اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے،یومِ آزادی کے موقع پر جے یو آئی کے تحت ضلع جنوبی میں پرچم کشائی کی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،جے یو آئی ضلع جنوبی کراچی کی مجلس عمومی کا دستوری اجلاس امین مسجد ہجرت کالونی میں صدر ٹاؤن کے امیر مولانا نورالرحمن صدیقی کی میزبانی میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ضلعی امیر مولانا نورالحق نے کی، جس میں مجلس عمومی کے اراکین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اجلاس کا آغاز قاری محمد رمضان سومرو کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جنرل سیکرٹری عبد الحق مخلص نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا، مولانا نورالحق نے موجودہ تنظیمی صورتِ حال، علاقائی حالات اور تنظیمی چیلنجز پر تفصیلی روشنی ڈالی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر ٹاؤن کے امیر مولانا نورالرحمن صدیقی، لیاری ٹاؤن کے امیر مولانا عبداللہ بلوچ اور کلفٹن ٹاؤن کے جنرل سیکرٹری و ضلعی نائب امیر سید لقمان شاہ نے بھی تنظیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں،اجلاس میں مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و ضلعی سرپرست مفتی محمد حسن لانگاہ، سرپرست قاری نورالامین، سینئر نائب امیر مفتی عبد الخالق سولنگی، نائب امرا ء سید عبیداللہ شاہ اور مولانا عبد الوکیل، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا نصیر اللہ چغرزئی، ناظم ڈاکٹر مذمبر خان، مفتی زبیر ولی، مولانا عیسیٰ، سالار مولانا نوید بلوچ، ناظم مالیات عبد الوحید سولنگی،معاونین عبدالقیوم،خلیل بلوچ، بزنس فورم کے کنوینر اختر جاوید،لائیرزونگ کے منصوربجارانی ایڈوکیٹ، نوجوانان فورم کے کنوینر عادل بلیدی، ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر عمر فاروق، ناظم مولانا نسیم حجازی سمیت دیگر ذمہ داران شریک تھے،اجلاس کے اختتام پر تمام ذمہ داران کو اپنے اپنے شعبہ جات مزید فعال اور مربوط بنانے کی خصوصی ہدایات دی گئیں اور آئندہ کی حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔