ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے انتظامیہ ماڈل ریڑھی بازاروں کا قیام عمل میں لارہی ہے، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ

منگل 12 اگست 2025 20:30

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت جی ٹی روڈ پر ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے انتظامیہ ماڈل ریڑھی بازاروں کا قیام عمل میں لارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی اقراء مبین کے ہمراہ منصوبے کی پیش رفت کے جائزہ کے لیے جی ٹی روڈ نگار کا دورہ کرکے ماڈل ریڑھی بازار کے قیام کے حوالے سے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور ریڑھی بازار جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کی ۔

ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ روڈز پر جگہ جگہ ریڑھیوں کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہے، ریڑھی بان روزانہ کا کوڑا کرکٹ بھی روڈز پر پھینکتے ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی تباہ ہو گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے پیپلز کالونی مین مارکیٹ کا دورہ بھی دورہ کیا اور مارکیٹ میں عارضی و پختہ تجاوزات کی روک تھام کیلئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیموں کو تعینات کرنے اور مارکیٹ کو تجاوزات فری رکھنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو ہدایات جاری کیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو علاقہ میں جگہ جگہ لگی ریڑھیوں کے لئے ریڑھی بازار کے قیام کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا ویژن ہے کہ ریڑھی بانوں کے کاروبار کو تحفظ دیا جائے لیکن انہیں اپنا کاروبار ایک دائرہ کار میں رہ کر کرنا ہوگا، ضلعی انتظامیہ عام آدمی کے لئے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے،تمام ریڑھی بان کوڑا کرکٹ کے لیے اپنے ساتھ ویسٹ بن رکھیں تاکہ ہماری شاہراہیں صاف رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے ماڈل ریڑھی بازار شہر کے دوسرے علاقوں میں مزید بنائے جائیں گے جس سے ٹریفک نظام کی درستگی، روڈز کی خوبصورتی اور عوام الناس کو سرکاری نرخوں پر اشیاء میسر ہونگی۔