نوجوانوں میں عالمی جدت کے مطابق قائدانہ صلاحیتوں کو ابھارنے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ کا انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے حوالے سے تقریب سے خطاب

منگل 12 اگست 2025 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں عالمی جدت اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قائدانہ صلاحیتوں کو ابھارنے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، گزشتہ سال تین لاکھ نوجوانوان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف پروگرامز کی تربیت دی گئی ہے اور اس سال چھ لاکھ بچوں کوٹر یننگ دی جائے گی، صنعتی انقلاب اور معاشی استحکام کے لئے بھی نوجوانوں کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو راولپنڈی میں انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے موقع پر اکٹھے ہوئے ہیں جس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کا دن منانا ہے کیونکہ پاکستان میں 240 ملین لوگوں کی آبادی ہے اور اس میں 68 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہمارے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ہم نوجوانوں کو تسلیم کریں کہ یہ ہمارا سرمایہ ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی تعلیم و تربیت کرنی ہے اور اس سال چھ لاکھ بچوں کوٹر یننگ دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں ہم نے ٹیوٹا اور نیوٹیک کے اشتراک سے مختلف پروگرامز ترتیب دیئے ہیں جبکہ صنعتی انقلاب اور معاشی استحکام کے لئے بھی نوجوانوں کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر شعبے میں مصنوعی ذہانت کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، اس لئے بین الاقوامی مسابقت میں مقابلے کے قابل بنانا ہوگا، نوجوانوں کو مشترکہ طور پر آئی ٹی، اکائونٹس اور مارکیٹنگ میں مہارت حاصل کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں میں نصف تعداد خواتین پر مشتمل ہے اور قومی معیشت کی بہتری کے لئے انہیں بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور کے عین تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کا حصول آگے بڑھنے اور ملکی ترقی کے لئے لازم ہے، حکومت نوجوانوں کو آگے لے جانے کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گی، اس کے لئے ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔\932