جشن آزادی پاکستان کے سلسلے کا دوسرا پروگرام،قائد اعظم اکادمی میں طلبا کے درمیان مضمون نویسی کا مقابلہ

منگل 12 اگست 2025 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) قائد اعظم اکادمی قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، حکومت پاکستان کی جانب سےجشن آزادی پاکستان کے سلسلے کا دوسرا پروگرام قائد اعظم اکادمی میں انٹر کالج اوریونیورسٹی مقابلہ مضمون نویسی معرکہ حق سے آزادی تک کے عنوان سے پروگرام کا انعقاد ہوا جس میں مختلف کالجز و یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جبکہ طلبہ و طالبات کو مضمون نویسی کے لیے دو گھنٹے کا وقت دیا گیا۔

منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق مضمون نویسی مقابلے کے ججز نے اس موقع پر اپنے تاثرات میں کہا کہ ایسے مقابلے کم ہوتے ہیں تاہم یہ ہوتے رہنے چاہیے ،دوسری طرف ہماری جامعات اور تعلیمی اداروں میں ایسی کوششیں کی جائیں تاکہ کمپیٹیشن بڑھے ۔ججز میں پروفیسر ایس ایم سعید، پروفیسر منیب الحسن، اسسٹنٹ پروفیسر محمد علی شامل تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کل کے دور میں ہم کتاب سے دور ہو گئے جو نہیں ہونا چاہیے ،ہمیں کتاب کے ساتھ جڑے رہنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ جامعات اور کالجز میں مقابلے کو پروان چڑھانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہیے اور اس کے لیے ادارے کے اساتذہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ مقابلے میں کامیاب امیدواروں میں انعامات کی تقسیم کی تقریب 14اگست کو مزار قائد کے آڈیو ویژول ہال میں دن تین بجے منعقد ہوگی۔ مقابلے کے نگراں قائد اعظم اکادمی کے روح رواں اور لائبریرین عبد الماجد فاروقی تھے۔