پولیس کی شہر بھر میں نوسربازوں، چوروں،ڈکیتوں و منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں،متعدد گرفتار،موبائل فونز،منشیات ، نقدی واسلحہ برآمد

منگل 12 اگست 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ایس پی کینٹ کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا کی ہدایت پر نوسر باز گینگ کے خلاف پولیس ایکشن، ڈیفنس سی پولیس نے معصوم شہریوں کے ساتھ نوسر بازی کے ذریعے ATM کارڈ ہتھیانے اوررقم ٹرانزکشن کرنے والا 3 رکنی نوسر باز گروہ گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں سرغنہ ساجد، طاہر اور محسن شامل ہیں۔اسی طرح رنگ محل پولیس نے اشتہاریوں کو پناہ دینے والے اور قمار بازی کروانے والے نیٹ ورک کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں ارجمند بٹ عرف خلیفہ،عطا محمد،طارق،عاصم،شکیل اور غلام عباس شامل ہیں۔مان کے قبضہ سے دا پر لگی 1 لاکھ سے زائد نقد رقم موبائل اور تاش کے پتے برآمدکر لیئے گئے۔اسی طرح ڈیفنس بی پولیس نے اغوا کے مقدمہ میں مطلوب 11 سالہ بچے کو تلاش کر لیا۔

(جاری ہے)

بچے ارمان مسیح کے والدین نے اسےDHA میں انعام نامی شہری کے گھر کام کے لیے رکھوایا تھا بچہ وہاں سے اطلاع دیے بغیر بھاگ گیا اور واپس گھر نہ پہنچا تھا۔

پولیس نے بچے کے والد جوزف مسیح کی درخواست موصول ہونے پر نا معلوم ملزمان کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر لیا۔ڈیفنس بی پولیس نے24 گھنٹوں کے اندربچے کو شیخوپورہ سے بحفاظت تلاش کرکے والدین کے حوالے کر دیا۔سٹی ڈویژن پولیس عورتوں وبچوں پر تشدد کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پا عمل پیرا، شفیق آباد پولیس نے شادی شدہ خاتون کو ہراساں اور زیادتی کی کوشش کرنے والے اوباش کوگرفتارکر لیا۔

ملزم کی شناخت اشفاق کے نام سے ہوئی۔ ملزم خاوند کی غیر موجودگی میں خاتون کو تنگ کرتا اور بلیک کر کے نقد رقم بٹورتاتھا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔علاوہ ازیں ایس پی سٹی بلال احمد نے سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کے ساتھ میٹنگ کی۔میٹنگ میں چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، عرس حضرت داتا گنج بخش رحم اللہ علیہ اور یوم آزادی کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

میٹنگ میں چہلم، عرس اور یوم آزادی کی تقریبات کے امن و امان کو برقرار رکھنے سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایس پی سٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چہلم اور عرس مبارک سمیت یوم آزادی 14 اگست کی تقریبات کو فول پروف سیکورٹی فراہم کریں گے۔صدر ڈویژن پولیس موٹر سائیکل چوری کے انسداد کیلئے پرعزم،ستوکتلہ پولیس نے03 رکنی موٹر سائیکل چور و جھپٹا گروہ گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں محمد شفیق، محمد توفیق اور اسد ارشد شامل ہیں۔ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں۔ملزمان کے قبضہ سے 3 چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور موبائل ایپل13 پرو مکس برآمدکر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ملزمان کے قبضہ سے ناجائز پسٹل اور گولیاں بھی برآمد کی گئی۔مانگا منڈی پولیس نے خاتون کے بال کاٹنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم کی شناخت شفیق کے نام سے ہوئی۔

ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ ملزم متاثرہ خاتون کا خاوند اور گھریلو تنازعہ پرخاتون کے بال کاٹے۔ملزم متاثرہ خاتون رضیہ بی بی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتا رہا۔خاتون رضیہ بی بی کی 14 سال قبل ملزم سے شادی ہوئی تھی۔پولیس نے خاتون کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ماڈل ٹاون ڈویژن پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف متحرک،نشتر کالونی پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 4 منشیات فروش گرفتار کر لیے۔

گرفتار ملزمان میں صابر، منشا، اکبر اور شان شامل ہیں۔ملزمان کو دوران پٹرولنگ اور خفیہ اطلاع پر مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔دورانِ تلاشی ملزمان کے قبضہ سے 160 لیٹر دیسی شراب،240گرام آئس اور 1 کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی۔نصیر آباد پولیس نے گھر میں کام کرنے کے بہانے واردات کرنے والے میاں بیوی کوگرفتار کر لیا۔ملزمان میں شوہر سمیع اللہ اور خاتون ثمینہ شامل ہیں۔

ملزمان کو ٹیلیفون لوکیشنز، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔خاتون ملزمہ گلبرگ عسکری 5 میں واقع گھر میں کام کرتی تھی۔گھریلو اشیا اور نقدی غائب ہونے کے باعث ملزمہ کو مالکان نے نوکری سے نکلا دیا تھا۔گرفتار ملزمہ نے چوری چھپے گھر کی ڈوپلیکیٹ چابی بنا رکھی تھی۔دونوں میاں بیوی گھر والوں کی غیر موجودگی میں چوری کر کے فرار ہوگئے تھے۔

کوٹ لکھپت پولیس نے خاتون سے زیادتی میں ملوث ملزم کوچند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت باہو کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزم کو ہیومن انٹیلی سے ٹریس کر بابا فرید کالونی سے گرفتار کیا۔ ملزم نے خاتون کو گھر میں اکیلی دیکھ کر زبردستی زیادتی کی اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کاآغاز کر دیا۔

ایس پی اقبال ٹاون ڈاکٹر محمد عمر کی زیرنگرانی ملت پارک پولیس کی مختلف کارروائیاں، 2 منشیات فروش سمیت پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے والے ڈیلر کوگرفتارکر لیا۔ گرفتار ملزمان میں نذیر اور محمد علی شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 3 کلو گرام چرس برآمدکی گئی۔ پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کا سامان فروخت کرنے والے ملزم ثاقب کوبھی گرفتارکر لیا۔

پتنگ فروش کے قبضہ سے درجنوں گڈے اور ڈور برآمدکر لی گئی۔ سمن آبادپولیس نے 4 رکنی جیب تراش گینگ گرفتارکر لیا۔ گرفتار ملزمان میں عثمان، علی، حسن اور عبدالرحمن شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان پیشہ ور جیب تراش،دورانِ تلاشی 4600روپے نقدی برآمدکر لی گئی۔ ملزمان نے سمن آباد مارکیٹ میں شہریوں کی جیبوں کا صفایا کیا تھا۔سمن آباد پولیس نے ون فائیو پر جھوٹی کال کرنے والے ملزم کوگرفتار کر لیا۔

شہری بلال نے 15 پر کال کی کہ دو کس نامعلوم ملزمان گن پوائنٹ پراس سے لیپ ٹاپ، موبائل اور نقدی لے کر فرار ہوگئے ہیں۔ سمن آبادپولیس نے فوری لوکل کیمرہ جات کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ کیمروں اور ہیومن انٹیلیجنس سورس کی مدد سے کال جھوٹی ثابت ہوئی۔ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سالانہ پولیس انٹر ڈسٹرکٹ گیمز 2025 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔

کھیلوں میں لاہور پولیس کے مختلف یونٹس سے کھلاڑیوں کی بھرپور شمولیت کی۔ مقابلوں میں ویٹ لفٹنگ، باسکٹ بال، ریسلنگ، اور باڈی بلڈنگ ایونٹس شامل ہیں۔ گیمز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت کااس موقع پر کہنا تھا کہ کھیل جسمانی اور ذہنی مضبوطی کا بہترین ذریعہ ہیں۔لاہور پولیس کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائیگا۔

علاوہ ازیں چہلم حضرت امام حسین کے حوالے سے والنٹئیرز کو پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں ٹریننگ دی جارہی ہے۔لاہور کی مختلف ڈویژنز سے والنٹئیرز نے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔والنٹیئرزکو واک تھرو گیٹ،میٹل ڈیٹیکٹر،باڈی سرچنگ و چیکنگ بارے بریفنگ دی گئی۔مجاہد سکواڈ ناکہ محمود بوٹی کی علی الصبح شاندار کارروائی،ایلیٹ پولیس سے مشابہ یونیفارم پہننے غیر قانونی پولیس سائرن، ریوالونگ لائٹس لگا کر گھومنے والے مشکوک 06ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں شفیق، سمیع اللہ، احسن،اشفاق،عمران، سیف اللہ شامل ہیں۔ دورانِ تلاشی گاڑی سے19 بوتلیں شراب، 2 پستول، 3 رائفلیں، درجنوں گولیاں و میگزینز اور واکی ٹاکی سیٹ برآمدہوئے۔