وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے اے جے کے قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کی قیادت میں وفد کی ملاقات،تقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے فروغ بارے امور پر تبادلہ خیال کیا

بدھ 13 اگست 2025 11:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کی ،اے جے کے کے سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر، وزیر مواصلات اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔

پلاننگ کمیشن کے مطابق ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور سیاحت کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات پاکستان کی معیشت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں ، اے جے کے قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کی تعمیر کے لیے وزارت منصوبہ بندی کا مکمل تعاون جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ راتوہا ہریام پل کی تعمیر تیزی سے جاری ہے جو جلد مکمل کر لی جائے گی،نئے این ایف سی ایوارڈ میں کشمیر، گلگت بلتستان اور سابق فاٹا کے لیے حصہ رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دفاعی اور سفارتی محاذ پر تاریخی کامیابی ملی ہے، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قومی ترقی کے لیے ٹیکس کلچر کو فروغ دیں کیونکہ پاکستان میں ٹیکس دہندگان کا تناسب تشویش ناک حد تک کم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی بجٹ کی ایک ایک پائی شفاف اور مؤثر طریقے سے خرچ کی جا رہی ہے۔\932