سندھ پولیس نے گرے لسٹ کا دوسرا ایڈیشن تیار کرلیا، جس میں سندھ بھر کے 80 انتہائی مطلوب ملزمان کے نام شامل

بدھ 13 اگست 2025 13:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)سندھ پولیس نے گرے لسٹ کا دوسرا ایڈیشن تیار کرلیا، جس میں سندھ بھر کے 80 انتہائی مطلوب ملزمان کے نام شامل ہیں۔دستاویزات کے مطابق گرے لسٹ کے دوسرے ایڈیشنل میں کراچی کے 7 ملزمان کے نام شامل کئے گئے ہیں۔ جن میں ڈسٹرکٹ سٹی کے 2، سائوتھ کے 3 اور کورنگی کے 2 ملزمان شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ حیدرآباد کے 4، ٹنڈو الہ یار کے 8، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان اور سجاول کے 2،2 ملزمان بھی شامل ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ مٹیاری کے بھی 2 ملزمان کے نام گرے لسٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔

اسی طرح ڈسٹرکٹ دادو اور سکھر کے 9،9 گرے لسٹ میں مطلوب ترین قرار دیئے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ نوشہرو فیروز کے 5 اور قمبر شہداد گوٹھ کے 9 ملزمان گرے لسٹ کا حصہ ہیں۔سب سے زیادہ ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے 11 مطلوب ملزمان کے نام گرے لسٹ میں شامل ہیں کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ جیکب آباد کے 6 اور خیرپور کے 3 ملزمان کے نام بھی گرے لسٹ کے دوسرے ایڈیشن میں موجود ہیں۔پولیس کے مطابق گرے لسٹ میں شامل ملزمان قتل، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، ڈکیتیوں اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔

پولیس حکام نے گرے لسٹ آئی جی سندھ کے احکامات پر انسداد دہشتگردی سیل کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔پولیس حکام کو ان ملزمان کے حوالے سے صوبے بھر کے چیک پوسٹ، موٹروے پولیس اور ریلوے پولیس سے بھی ان ملزمان کے حوالے سے اطلاع دینے کی احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔گرے لسٹ میں شامل ملزمان تاحال مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث ہیں جنکی گرفتاری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔