Live Updates

ویسٹ انڈیز جب آخری بار پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز جیتا تو عمران خان ایکٹو کرکٹر، پٹرول 11 روپے لیٹر تھا

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور آخری میچ میں 202 رنز سے شکست دے کر 34 سال بعد پاکستان سے ایک روزہ سیریز جیتی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 اگست 2025 11:58

ویسٹ انڈیز جب آخری بار پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز جیتا تو عمران خان ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 اگست 2025ء ) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور آخری میچ میں 202 رنز سے شکست دے کر 34 سال بعد پاکستان سے ایک روزہ سیریز جیت لی۔
ٹاروبا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم 295 رنز کے تعاقب میں 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے نائب کپتان سلمان آغا 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 
محمد نواز 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

حسن نواز 13، بابر اعظم 9، نسیم شاہ 6، حسین طلعت 1 رن کےانفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹے۔ 
میزبان ٹیم کی جانب سے جیڈن سلز نے 6 وکٹیں لے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ گداکیش موتی نے 2 اور روسٹن چیز نے 1 وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

 

اس سے قبل پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے کپتان شے ہوپ کی سینچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز اسکور کیے۔

 
کپتان شے ہوپ نے 94 گیندوں پر 120 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایون لوئس 37، روسٹن چیز 36، کیسی کارٹی 17، شرفین ردرفورڈ 15، گداکیش موتی5 اور برینڈن کنگ 5 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ جسٹن گریوز 24 گیندوں پر دھواں دار 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نسیم شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ صائم ایوب اور محمد نواز نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کرکٹ اعداد و شمار کے ماہر مظہر ارشد نے اس حوالے سے کافی دلچسپ ٹویٹ کیا ۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’ پچھلی بار جب ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی تب پاکستان کے موجودہ کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی پیدا نہیں ہوا تھا، سابق کپتان اور وزیر اعظم عمران خان ابھی تک کرکٹ کھیل رہے تھے، ون ڈے میچز سفید کٹس میں کھیلے جاتے تھے، لاہور سے اسلام آباد موٹروے کا کوئی وجود نہیں تھا، سوزوکی مہران 1 لاکھ روپے اور پیٹرول 11 روپے فی لیٹر تھا‘۔ 
 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات