Live Updates

شکیب الحسن کو دوبارہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ مشیر کھیل

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:34

شکیب الحسن کو دوبارہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے ..
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء)بنگلادیش کے مایہ ناز آل راؤنڈر اور سابق کپتان شکیب الحسن سابق وزیراعظم کو سالگرہ پر پیغام دینے پر مشکل میں پھنس گئے۔رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کے مشیر کھیل آصف محمود نے کھلاڑی کی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شکیب الحسن کو دوبارہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

28 ستمبر کو شکیب الحسن نے سوشل میڈیا پر سابق وزیراعظم کو سالگرہ کی مبارکباد دی، جس کے بعد اسپورٹس ایڈوائزر نے شدید برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے اپنے مؤقف میں واضح کیا کہ شکیب مستقبل میں قومی ٹیم میں انتخاب کا حصہ نہیں ہوں گے۔آصف محمود نے فیس بک پوسٹ میں کہا کہ آپ سب نے مجھ پر تنقید کی کہ میں نے ایک شخص کو بحال نہیں کیا، لیکن میں درست تھا، اب بات ختم ہوگئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شکیب الحسن نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شاید ایک دن میں اپنے مادر وطن لوٹ آؤں، محبت ہے تم سے، بنگلادیش۔ایک نجی چینل سے گفتگو میں اسپورٹس ایڈوائزر نے اپنے مؤقف کی مزید وضاحت کی اور کہا کہ ہم اسے بنگلادیش کا جھنڈا تھامنے نہیں دے سکتے، میرا باضابطہ حکم ہے کہ شکیب الحسن کبھی دوبارہ بنگلادیش کی نمائندگی نہیں کریں گے، شکیب الحسن عوامی لیگ سے جڑے ہوئے ہیں اور سیاست کر رہے ہیں۔

شکیب نے وضاحت دی کہ سوشل میڈیا پوسٹ سیاسی نوعیت کی نہیں تھی، اس کے پیچھے کوئی اور مقصد نہیں تھا۔واضح رہے کہ شکیب الحسن بنگلادیش کرکٹ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، انہوں نے آخری بار اکتوبر 2024ء میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات