Live Updates

شکیب الحسن اب کبھی بنگلا دیش کیلئے نہیں کھیل سکتے، مشیر کھیل نے تصدیق کردی

شکیب عوامی لیگ کی سیاست سے گہری وابستگی رکھتے ہیں : آصف محمود

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 اکتوبر 2025 12:27

شکیب الحسن اب کبھی بنگلا دیش کیلئے نہیں کھیل سکتے، مشیر کھیل نے تصدیق ..
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم اکتوبر 2025ء ) بنگلا دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر قومی ٹیم کے لیےکھیلنے پر پابندی لگا دی گئی۔ یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب خودساختہ جلاوطنی گزارنے والے بنگلادیشی کرکٹر شکیب الحسن نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے ساتھ اپنی پرانی تصویر شیئر کی اور انہیں سالگرہ کی مبارک باد دی۔

اس کے بعد سوشل میڈیا پوسٹ میں بنگلا دیش کے نوجوان اسپورٹس ایڈوائزر (مشیر کھیل) آصف محمود نے سوشل میڈیا پوسٹ میں شکیب کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ سب نے مجھے اس شخص کو دوبارہ بحال نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا، لیکن میں درست تھا۔ اس پر شکیب الحسن نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ آخرکار کسی نے مان لیا کہ صرف اسی کی وجہ سے میں دوبارہ بنگلا دیش کی جرسی نہیں پہن سکتا، شاید ایک دن میں اپنی مادر وطن واپس آؤں، میں بنگلادیش سے پیار کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اسپورٹس ایڈوائزر آصف محمود نے واضح کیا کہ ہم انہیں بنگلا دیش کا جھنڈا تھامنے کی اجازت نہیں دے سکتے، میرے لیے یہ ممکن نہیں کہ میں انہیں بنگلا دیش کی جرسی پہننے دوں، میری بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے لیے واضح ہدایت ہے کہ شکیب الحسن اب کبھی بھی بنگلا دیش کے لیے نہیں کھیل سکتے۔ آصف محمود کا کہنا تھا کہ شکیب الحسن عوامی لیگ کی سیاست سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔

دوسری جانب شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ ان کی پوسٹ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا، وہ (حسینہ واجد) کرکٹ سے گہری وابستگی رکھتی تھیں، میں نے انہیں اسی حوالے سے سالگرہ کی مبارک باد دی۔ واضح رہے کہ شکیب الحسن بنگلا دیش کے سب سے کامیاب کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں، انہوں نے آخری بار اکتوبر 2024 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بنگلا دیش کی نمائندگی کی تھی۔ شکیب الحسن عوامی لیگ کے رکن پارلیمنٹ بھی رہے ہیں لیکن حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد سے وہ وطن واپس نہیں آئے۔وہ گزشتہ سال حکومت مخالف مظاہروں کے دوران نوجوان کے قتل کے مقدمے میں بھی نامزد ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات