موجودہ حالات میں کشمیری قوم کے جذبات پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط اور مربوط ہو گئے ہیں،سردار عامر الطاف خان

بدھ 13 اگست 2025 16:48

راولا کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ 14 اگست 2025ء کا یومِ آزادی کشمیری عوام کے لیے محض ایک قومی دن نہیں بلکہ ایک تاریخی موقع ہے جسے اس بار ڈبل خوشی کے طور پر منایا جائے گا موجودہ حالات میں کشمیری قوم کے جذبات پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط اور مربوط ہو گئے ہیںاور قوم یہ دن غیر معمولی جذبے اتحاد اور جوش و خروش کے ساتھ منائے گی۔

سردار عامر الطاف نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ صرف زمینی یا سیاسی نہیں بلکہ روحانی تاریخی اور تہذیبی بنیادوں پر قائم ہے کشمیری اور پاکستانی دو جسم ایک جان ہیں ہماری سانسیں ہمارے خواب، ہماری جدوجہد سب کچھ ایک ہی منزل کے لیے ہے پاکستان کی بقا ترقی اور کشمیر کی آزادی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ سال کے دوران جو حالات پیدا ہوئے خاص طور پر سرحدی کشیدگی اور بھارتی رویے کے پس منظر میں کشمیری قوم نے جرات، اتحاد اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا اپنی بہادر افواج کا ساتھ دیاہماری قوم نے ہر سطح پر بھارت کے غرور کو خاک میں ملایا ہے وہ جو خود کو ناقابل شکست سمجھتا تھاآج دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

سردار عامر الطاف نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی اس رشتے کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیا جائے گاہمارا بچہ بچہ پاکستان کے پرچم سے محبت کرتا ہے ہماری مائیں دعائیں دیتی ہیں اور ہمارے جوان سرحدوں پر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں 14 اگست کا دن صرف جشن منانے کا نہیں بلکہ عہد کی تجدید کا دن بھی ہے ہم پاکستان کے ساتھ تھے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کا اتحاد کس طرح بھارت جیسے طاقتور دشمن کے غرور کو توڑ سکتا ہے یہ ایک نئی تاریخ کا آغاز ہے جب پوری قوم متحد ہو جائے تو کوئی بھی دشمن سامنے نہیں ٹھہر سکتا آج دنیا پاکستان کو صرف ایک ملک کے طور پر نہیں ایک ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر دیکھ رہی ہے اور اس میں کشمیر کا خون، پسینہ اور قربانیاں شامل ہیں عوام یومِ آزادی کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں اپنے گھروں، بازاروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں کو سبز ہلالی پرچم سے سجا دیں اور نوجوان نسل کو اس دن کی اہمیت سے آگاہ کریںیہ دن صرف ایک تہوار نہیں بلکہ ہمارے نظریے ہماری شناخت اور ہمارے مستقبل کا دن ہے۔