پوری قوم متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے،وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ

بدھ 13 اگست 2025 16:55

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ویمن یونیورسٹی ملتان میں جشن آزادی اور معرکہ حق کی2 روزہ تقریبات شروع ہوگئیں۔ پہلے دن کھیلوں کے مقابلے اور واک کی گئی۔ پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے واک ایڈمن بلاک سے شروع ہوکر گیٹ نمبرایک پر اختتام پذیر ہوئی جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ 78واں جشن آزاد ی دوہری خوشیاں لے کر آیا ہے۔ رواں سال پاک افواج نے معرکہ حق اپنے نام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، جو اپنی سرحدوں، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ افواجِ پاکستان کی یہ شاندار فتح اُمتِ مسلمہ کے لئے اتحاد، حوصلے اور قیادت کا پیغام ہے مسلح افواج کی کامیابیوں پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرنے کا دن ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘میں افواجِ پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ۔ ہم اپنے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ پوری قوم متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ہماری افواج ہماری طاقت ہیں اور ہم ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ رجسٹرار ڈاکٹر ملکہ رانی نے کہا کہ معرکہ حق صرف ایک تقریب نہیں ہے یہ ہماری قومی یکجہتی، ہماری اجتماعی ہمت اور کسی بھی خطرے کے خلاف ہماری مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی نمائندگی کرتا ہے۔

یہ ایک یاد دہانی ہے کہ ہم ایک مضبوط قوم ہیں ۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے معرکہ حق سپورٹس گالا کا افتتاح کیا ،جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے جن میں بیڈمنٹن ، کرکٹ، ریلے ریس،ٹیبل ٹینس اوررسہ کشی کے مقابلے ہوئے۔ کھیلوں میں طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کا مقصد نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی،اور صحت مندانہ تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہو۔تقریب میں خزانہ دار ڈاکٹر سارہ مصدق، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید ،اساتذہ ، انتظامی سٹاف اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ یونیورسٹی میں 14اگست کوصبح 8 بجے پرچم کشائی ہوگی ،یونیورسٹی سکیورٹی فورس گارڈ آف آنر پیش کرے گی۔ دعا کے بعد شجرکاری مہم کاآغاز کیا جائے گا،وائس چانسلر اورمہمان خصوصی کے خطاب کے بعد تمام افسران میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جائیں گے اورکیک کاٹا جائے گا۔