اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی قیدیوں پر جنسی تشدد کے معتبر شواہد موجود ہیں، اقوام متحدہ

بدھ 13 اگست 2025 16:57

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریش نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے پاس معتبر معلومات موجود ہیں کہ اسرائیلی افواج نے زیرِ حراست فلسطینیوں کے خلاف جنسی تشدد اور دیگر خلاف ورزیاں کی ہیں۔امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق انتونیو گوتیریش نے سفیر ڈینی ڈینن کو ایک خط میں کہا کہ انہیں اسرائیلی فوج اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے کئی جیلوں، ایک حراستی مرکز اور ایک فوجی اڈے میں فلسطینیوں کے ساتھ مبینہ زیادتیوں پر شدید تشویش ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے خبردار کیا کہ اگر ان الزامات میں تسلسل پایا گیا تو وہ اپنی اگلی رپورٹ میں اسرائیلی افواج کو جنگی جنسی تشدد کے مرتکب اداروں کی فہرست میں شامل کر سکتے ہیں، کیونکہ اقوام متحدہ کی دستاویزات میں جنسی تشدد کی کچھ اقسام کے منظم واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چونکہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کے مبصرین کو رسائی نہیں دی، اس لیے اسرائیلی افواج کے جنسی تشدد کے منظم استعمال کے رجحانات یا پیٹرن کی حتمی تشخیص کرنا چیلنجنگ رہا ہے۔

انہوں نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام جنسی تشدد کو فوراً بند کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے، اور مخصوص وقت میں ان کو بند کرنے کے ٹھوس وعدے کرے۔سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ان وعدوں میں معتبر الزامات کی تحقیقات، فوج اور سکیورٹی فورسز کے لیے واضح احکامات اور اخلاقی ضابطے شامل ہوں جو جنسی تشدد کی ممانعت کریں، اور اقوام متحدہ کے مبصرین کو بلا رکاوٹ رسائی دی جائے۔