سرگودھا آرٹس کونسل میں سکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے زیرِاہتمام جشنِ آزادی کے حوالے سے تقریب منعقد

بدھ 13 اگست 2025 17:03

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) سرگودھا آرٹس کونسل میں سکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام جشن ِ آزادی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان تھے ۔ طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں اس رنگا رنگ جشنِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔ طلبہ نے ملی نغموں، تقاریر اور ٹیبلوز کے ذریعے تحریکِ آزادی کے عظیم شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرحاضرین نے پرجوش نعرے لگا کر اس جذبے کو مزید جلا بخشی۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے طلباء و طالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ہمارے نوجوان ہیں اور ان کا جذبہ اور لگن ہی اس وطن کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے جس کا جتنا شکر کیا جائے کم ہے ۔ وہی قومیں اپنا جشن ِ آزادی جوش وخروش سے مناتی ہیں جو زندہ ہوتی ہیں ۔ اس موقع پرایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن رائے محمد یاسر بھٹی اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمد ریاض اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔