گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی 78 ویں یوم جشن آزادی کے موقع پرپیغام

بدھ 13 اگست 2025 20:33

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی 78 ویں یوم جشن آزادی کے موقع پرپیغام
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے78 ویں یوم جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں ضم اضلاع وخیبرپختونخوا کی عوام سمیت پوری قوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ آج ہم جشن آزادی معرکہ حق میں شاندار کامیابی کیساتھ منارہے ہیں۔ معرکہ حق میں پاکستان نے نہ صرف بھارت کے عسکری غرورکو خاک میں ملادیا بلکہ ملکی سرحدوں اور ہماری آزادی کا بھرپور دفاع بھی کیا۔

انہوں نے کہاہے کہ 14 اگست کادن ہماری آزادی، خودمختاری اور قومی تشخص کی علامت ہے۔ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیوں اور جدوجہد کے ذریعے ایک آزاد وطن کا خواب حقیقت بنایا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کیلئے ہم سب کو یکجہتی، محنت اور قربانی کے جذبے کو اپنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

آزادی کی قدر تب ہی ممکن ہے جب ہم اپنے فرائض کو دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں۔

معرکہ حق میں کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم او ر ہماری مسلح افواج اپنے اصولوں، ایمان اور حق کے راستے پر ڈٹ کر کھڑی ہے۔گورنرنے خیبرپختونخوا کے عوام سمیت پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ آئیے ہم سب مل کر پاکستان کو خوشحال اور پرامن ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے، دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے اور ہمیں اتحاد، قربانی اور محبت کے جذبے کے ساتھ ہمیشہ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔