آر ڈبلیو ایم سی کے زیر اہتمام جشن آزادی اور معرکہ حق کے حوالہ سے تقریب

بدھ 13 اگست 2025 22:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کے زیر اہتمام جشن آزادی اور معرکہ حق کے حوالہ سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔سی ای او رانا ساجد صفدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ آزادی ہمیں قربانی، محنت اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے، آر ڈبلیو ایم سی اس دن کو صرف تقریبات تک محدود نہیں رکھتا بلکہ ہم صفائی کے ذریعے اپنے شہروں اور دیہات کو خوشبو دار اور خوبصورت بنانے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں، صاف ستھرا پاکستان ہی ترقی یافتہ پاکستان ہے اور ہم سب کو مل کر اس خواب کو حقیقت بنانا ہے، یومِ آزادی کی خوشیوں سے قبل آر ڈبلیو ایم سی کا یہ خصوصی صفائی آپریشن عوام میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے اور پاکستان کے سبز و سفید پرچم کی طرح اپنے ماحول کو بھی روشن و صاف رکھنے کا عملی مظاہرہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آر ڈبلیو ایم سی کی یومِ آزادی کی تقریبات کو خوشنما اور صاف ستھرے ماحول میں منانے کے لیے خصوصی صفائی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، یومِ آزادی صفائی مہم کے تحت آر ڈبلیو ایم سی کے محنتی ورکرز نہ صرف شہر بلکہ دیہی علاقوں اور تحصیلوں میں بھی سرگرم عمل ہیں، گاؤں گاؤں اور محلہ محلہ صفائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ 14 اگست کی خوشیاں صاف اور خوشگوار ماحول میں منائی جا سکیں۔

اس مہم کا مقصد "ہر گاؤں، ہر محلہ صاف! زیرو ویسٹ راولپنڈی ہمارا خواب" کے عزم کو عملی شکل دینا ہے، شہر میں بھی خصوصی آپریشن جاری ہے جس کے تحت "ہر گلی، ہر کوچہ صاف! راولپنڈی کو زیرو ویسٹ کرنا ہمارا عزم" کے تحت سڑکوں کی واشنگ، کچرا اُٹھانے اور صفائی کے دیگر اقدامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔