گلگت بلتستان میں یومِ آزادی پاکستان کی تیاریاں مکمل، چنار باغ میں مرکزی تقریب ہو گی

بدھ 13 اگست 2025 20:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی 14 اگست کو یومِ آزادی پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر جلسے، جلوس، ریلیاں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں مقررین ملکی سالمیت، قومی یکجہتی اور آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔سب سے بڑی اور مرکزی تقریب گلگت کے تاریخی چنار باغ میں ہوگی، جہاں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

تقریب میں وزیرِاعلیٰ حاجی گلبر خان، فورس کمانڈر ناردرن ایریاز، صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام اور عمائدین شریک ہوں گے۔ اس موقع پر پرچم کشائی اور گلگت بلتستان پولیس کے چاق و چوبند دستے کی سلامی کے ساتھ یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

گورنر سید مہدی شاہ تقریب سے خطاب میں آزادی کی قدر و قیمت اجاگر کریں گے اور ملکی سالمیت کے لیے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کریں گے۔

یومِ آزادی کے سلسلے میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں رنگا رنگ ثقافتی تقاریب، قومی ترانوں اور تقریری مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔ آرمی ہیلی پیڈ گلگت میں پاک فوج کے جوان پریڈ اور خصوصی مظاہرے پیش کریں گے۔عوام اپنے گھروں اور عمارتوں پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ مقامی طلبہ، طالبات اور شہری بڑی تعداد میں تقریبات میں شریک ہو کر قومی یکجہتی اور ترقی کے عزم کا اعادہ کریں گے۔