سبز ہلالی پرچم ہمارے وقار تحفظ ،خود مختاری اورآزادی کی علامت ہے ،صدر سیالکوٹ بار

بدھ 13 اگست 2025 21:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عرفان اللہ وڑائچ نے کہا ہے کہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ہمارے وقار، تحفظ ،خود مختاری اورآزادی کی علامت ہے۔ان خیالات کا اظہارڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عرفان اللہ وڑائچ نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر علامہ اقبال بار ہال میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست پاکستانی قوم کے لیے انتہائی اہم اورتاریخی ہے اس لیے کھل کے یوم آزادی کا جشن منائیں اور ساتھ اپنی شا ن پہچان پاکستان کی عزت اور حفاظت کا عہد بھی کیاجائے ۔اس کی حفاظت ہمارا ایمان ہے حصول پاکستان ،تحفظ پاکستان ،محفوظ پاکستان اورپرامن پاکستان اوراسکے فریضہ دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے اور ہمارے ہیروہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں ان کی قربانیوں پر اوراپنے ملک پر فخر ہے ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہماری پہچان ہےاس موقع پر، جوائنٹ سیکرٹری رانا عادل خالد، فنانس سیکرٹری میاں محمد عظیم،محمد امجد رانا، شہباز شمس، بلال واہلہ ،حافظ فیاض افضل،مرزا اصغر بیگ، ملک ذاکر حسین اعوان،حافظ شبیر آرائیں، مہر حسن قیوم، عمر باجوہ کے علاوہ وکلاءکی کثیر تعداد موجود تھی۔

سیکرٹری چوہدری محمد افضال اسلم نے کہا کہ چودہ اگست شہداءکی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرنیکا دن ہے ۔ پاکستان کی آزادی کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح ‘علامہ محمد اقبال اور ان تمام قائدین کو محبت بھرا سلام پیش کرتے ہیںیوم آزادی کو بھرپور انداز میں منانے کےساتھ ساتھ ہم نے یگانگت، اخوت اور بھائی چارے کو بھی فروغ دینا ہے۔ پاکستان اسی دن پر ایک آزاد ملک کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرا اور برصغیر کے مسلمانوں کو اسی دن پر بڑی کامیابی ملی ۔

پاکستان آزاد اسلامی فلاحی ریاست ہے اور قوم کو چاہیے کہ اپنے ملک کی خدمت کرے کیونکہ آزادی سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارے بزرگوں کی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے جس کی قدر کرنا چاہیے اور اس کی خدمت پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔قبل ازیں سیکرٹری چوہدری محمد افضال اسلم نے معزز ممبران کو ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے یوم آزادی کے بیجز لگائے اور تقریب کے اختتام پر بار لان میں پرچم کشائی کی گئی۔