پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،وفاقی وزیر ریلوے

جمعرات 14 اگست 2025 02:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے 78 ویں یومِ آزادی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی 78 بہاریں مکمل ہونے پر پوری قوم کو آزادی کی عظیم نعمت مبارک ہو،آج بلوچ، سندھی، پنجابی، پختون، گلگتی اور کشمیری سب ایک جھنڈے تلے آزادی کی خوشبو میں سانس لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کی اصل قیمت جاننی ہے تو جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے پوچھیے،ہندوستان میں بسنے والے مسلمان بھائیوں سے پوچھیے کہ آزادی کی روشنی کتنی قیمتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ غزہ کے نہتے مسلمانوں سے پوچھیے کہ آزادی کا خواب کتنی قربانی مانگتا ہے،آج پاکستان معرکۂ حق کے بعد آسمان پر چمکتے ستارے کی مانند دنیا میں روشن اور سربلند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی کے 78 برس بعد پاکستان آج دنیا میں ایک فاتح، باوقار اور ناقابلِ شکست قوم کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔ہمارے شہداء نے اپنے گرم لہو سے وطنِ عزیز کا دفاع کیا اور سرحدوں کو محفوظ بنایا،ہم نے ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم پاک فوج کے بہادر سپاہیوں اور شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں،معرکۂ حق کے بعد دنیا جان چکی ہے کہ پاکستان ایک جری اور عظیم قوم ہے۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ آئیے، مل کر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی سنہری راہوں پر لے چلیں،پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور یہی نعرہ ہر دل میں گونجنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو بتا دو کہ ہم ایک ہیں، اور ایک رہیں گے،آئیں، آزادی کے دن قومی پرچم تھام کر وطن کو دشمن کی میلی آنکھ سے محفوظ رکھیں۔پاکستان زندہ باد! پاکستان پائندہ باد۔