کراچی میں ہوائی فائرنگ، بچی سمیت 3 افراد جاں بحق، 75 زخمی

پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 20 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 14:23

کراچی میں ہوائی فائرنگ، بچی سمیت 3 افراد جاں بحق، 75 زخمی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)کراچی میں جشنِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے بچی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 75سے زائد زخمی ہوگئے، پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے 20 سے زائد ملزمان گرفتار کرلیے۔جشنِ آزادی کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچی سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 75 سے زائد شہری زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال، جناح اسپتال، سول اسپتال اور گلستان جوہر کے ایک نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا۔ہوائی فائرنگ کے واقعات لیاقت آباد، کورنگی، لیاری، محمود آباد، اختر کالونی، کیماڑی، جیکسن، بلدیہ، اورنگی ٹاؤن، پاپوش نگر، شریف آباد، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، زمان ٹاؤن اور لانڈھی سمیت کئی علاقوں میں رپورٹ ہوئے۔پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 20 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتاریاں مبینہ ٹاؤن، لیاقت آباد، پاپوش نگر، سمن آباد، اورنگی ٹاؤن اور کیماڑی سے عمل میں آئیں۔ ملزمان کے قبضے سے جدید اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔