چشتیاں، یومِ آزادی پاکستان کی مرکزی تقریب بہاولنگر میونسپل کمیٹی کے خوبصورت لان میں نہایت جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی

جمعرات 14 اگست 2025 14:47

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) 79ویں یومِ آزادی پاکستان کی مرکزی تقریب بہاولنگر میونسپل کمیٹی (بلدیہ) کے خوبصورت لان میں نہایت جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران اصغر نے قومی پرچم بلند کیا، جب کہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے پرچم کو سلامی پیش کی۔

پرچم کشائی کے ساتھ ہی فضا میں رنگا رنگ غبارے اور سفید کبوتر چھوڑے گئے، جو امن، اتحاد اور خوشحالی کی علامت تھے۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر، ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان پائندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہور حسین،اسسٹنٹ کمشنر بہاول نگر ارشد ندیم، ضلعی افسران، سماجی رہنماؤں،میڈیا پرسن، اساتذہ، طلبہ اور پرجوش شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

ہر کوئی سبز ہلالی پرچم کی شان میں محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہا تھا۔ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنی تاریخ، قربانیوں اور عزم و حوصلے کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی ترقی کے لیے اتحاد، محنت اور دیانت کو اپنانا ہوگا۔ڈی پی او کامران اصغر نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔\378