ساہیوال ، یومِ آزادی پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا قومی جذبے اورجوش و خروش کے ساتھ جناح ہال میں انعقاد کیا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 14:49

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) یومِ آزادی پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا قومی جذبے، جوش و خروش اور روایتی ولولے کے ساتھ جناح ہال میں انعقاد ہوا۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور پرچم کشائی سے ہوا ،جس میں ارکان صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اور ملک محمد ارشد، کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ڈی پی اوراناطاہر الرحمان،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی،اے ڈی سی آر اسامہ مجید، اے ڈی سی جی نیاز احمد مغل، اے ڈی سی فنانس رانا اورنگزیب، ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی،سی ای او ایجوکیشن تنویر احمد غزالی اور اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد سمیت ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، صحافیوں، بچوں اور والدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

تقریب میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے یومِ آزادی کے موقع پر ملی نغمے، قومی تقاریر، خاکے اور ٹیبلو پیش کیے جن میں تحریکِ آزادی میں دی گئی قربانیوں اور حب الوطنی کے مناظر کو خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا خوشی کا یہ دن ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں آزادی نصیب ہوئی، زندہ قومیں اپنی آزادی کی خوشی جوش و خروش سے مناتی ہیں اور اپنی نئی نسل کو قومی جذبے سے روشناس کرواتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے شعبے میں ایمانداری، محنت اور خلوص سے کام کرے تاکہ ملک ترقی کرے اور اقوامِ عالم میں سربلند ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔انہوں نے تقریب کے شاندار انتظامات پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی کی کاوشوں کو سراہا۔

قبل ازیں ممبران صوبائی اسمبلی ،کمشنر ساہیوال، آر پی او، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور دیگر افسران نے ساہیوال آرٹس کونسل کے احاطے میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔تقریب میں موجود والدین، اساتذہ، صحافیوں اور شہریوں نے اس قومی دن کو بھرپور طریقے سے منانے پر آرٹس کونسل اور ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔تقریب کے اختتام پر سرسبز پاکستان کے لئے محکمہ جنگلات نے شرکاءمیں پودے بھی تقسیم کئے -\378