قیام پاکستان ہمارے اسلاف کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے،کمشنر سرگودھا ڈویژن

جمعرات 14 اگست 2025 16:44

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)کمشنر جہانزیب اعوان نے جشن آزادی و معرکہ حق پر عزم کا اظہار کیا کہ اس پرچم کو کبھی جھکنے نہیں دینگے ۔انہوں نے 78 ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان ہمارے اسلاف کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔ ان قربانیوں کی لاج رکھنے کیلئے تفرقوں کو مٹا کر ہمیں عالمی سطح پر ایک مضبوط معاشی قوم بننا ہوگا۔

انہوں نے پولیس کے شہدااو رغازیوں کو بھی شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک وقوم کے جان ومال کیلئے پولیس نے بھی لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم قومیت ا ور تفرقوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہو گاکہ سب سے پہلے بھی پاکستانی اور سب سے آخر میں بھی پاکستانی ہیں۔

(جاری ہے)

آزادی کا مقصد صرف انگریز کی غلامی سے آزادی نہیں تھا بلکہ ہمیں اپنے اندرکے غلام کو بھی آزاد کرنا ہے۔

آر پی او شہزاد آصف خان نے کہا کہ آزادی منائیں لیکن ذمہ داری کے ساتھ اپنے 18 سال سے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل و گاڑی ہرگز نہ چلانے دیں۔ اس موقع آرٹس کونسل میں جدو جہد آزادی پر مبنی ڈرامہ بٹوارا پیش کیا گیا اور ڈپٹی کمشنر محمد وسیم نے شہریوں میں پودے تقسیم کیے اور خصوصی بچوں نے جشن آزادی کا کیک کاٹ کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔آخر میں ملک و قوم کی خوشحالی اور ملک کی سلامتی کی دعا کی گئی۔