مظفرآباد میں شاندار سیمینار کشمیری عوام کا یومِ آزادی پاکستان پر افواجِ پاکستان سے غیر متزلزل یکجہتی اور خراجِ عقیدت

کشمیر ویمن الرٹ فورم کے زیراہتمام معرکہء حق و آزادی پر تاریخی اجتماع، ہر دل کی صدا، پاک فوج ہمارا فخر

جمعرات 14 اگست 2025 17:18

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) آزاد کشمیر کی فضائوں میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج، قومی پرچموں کی بہار اور جذبہ حریت سے سرشار چہروں کا منظر، یہ سب کچھ کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) کے زیراہتمام 14 اگست جشنِ آزادی و معرکہء حق کے حوالے سے منعقدہ پُروقار سیمینار مصطفی سکول سسٹم میں انعقاد میں دیکھنے کو ملا۔

اس تاریخی تقریب میں کشمیری عوام نے نہ صرف یومِ آزادی پاکستان بھرپور جوش و جذبے سے منایا بلکہ افواجِ پاکستان کی مادرِ وطن کے تحفظ اور کشمیری عوام کی حمایت میں دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی بریگیڈیر محمد طارق سہیل سیکٹر کمانڈر ائی ایس پی ار اے جے کے اینڈ گلگت بلتستان تھے۔

(جاری ہے)

اپنے پُرجوش خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کشمیری عوام کی تکالیف اور جدوجہد سے بخوبی آگاہ ہیں، ہم ہر محاذ پر آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ دلوں کا رشتہ ہے، جسے کوئی طاقت توڑ نہیں سکتی۔چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم محترمہ سمعیہ ساجد نے صدارت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم نے پاکستان کو دل سے اپنا مانا ہے اور افواجِ پاکستان کو اپنے محافظ اور محسن کی حیثیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ‘‘پاکستانی فوج صرف سرحدوں کی محافظ نہیں بلکہ کشمیری عوام کی امیدوں، خوابوں اور مستقبل کی نگہبان بھی ہے۔

مہمان مقررین چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ سید طفیل حسین بخاری اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر چغتائی نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاکستان کی آزادی اور کشمیر کی جدوجہد ایک ہی سلسلے کی دو کڑیاں ہیں۔ افواجِ پاکستان کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں اور ان کے بغیر نہ پاکستان محفوظ رہ سکتا ہے نہ کشمیری عوام کی جدوجہد مضبوط ہو سکتی ہے۔

صدر پرائیویٹ اسکولز و کالجز ایسوسی ایشن سید اشتیاق بخاری نے کی، جنہوں نے طلباء و طالبات کو آزادی کی اہمیت اور قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سکینہ لیاقت، مقصوم کاظمی،ہارون آزاد، ماجد گیلانی اور دیگر شخصیات نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اور افواجِ پاکستان کا رشتہ اٹوٹ ہے اور ہر سازش، ہر آزمائش میں یہ رشتہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔

سیمینار میں طلباء و طالبات، سول سوسائٹی، اساتذہ، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان اور خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پاکستان اور کشمیر کے پرچموں سے سجی ہال میںپاکستان زندہ باد،پاک فوج پائندہ باد اورکشمیر بنے گا پاکستان، ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہیکے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزادی کے قافلے کو کسی صورت نہیں رکنے دیا جائے گا اور کشمیری عوام ہر حال میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اورچیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) محترمہ سمعیہ ساجد کو پُر وقار سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔

تقریب کے اختتام پر چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم(کواف ) محترمہ سمعیہ ساجد نے معرکہء حق کی کامیابی پر مہمانِ خصوصی بریگیڈیر محمد طارق سہیل سیکٹر کمانڈر ائی ایس پی ار اے جے کے اینڈ گلگت بلتستان کو شیلڈ پیش کی اور تمام مہمانان کو بھی کو شیلڈز دی گئی۔