اعجاز چوہدری کے نااہل ہونے پر سینیٹ کی خالی نشست پر الیکشن کا شیڈول جاری

امیدوار کاغذات نامزدگی 19سے 20اگست تک جمع کروا سکتے ،9ستمبر کو پنجاب اسمبلی میں پولنگ ہو گی

جمعرات 14 اگست 2025 17:32

اعجاز چوہدری کے نااہل ہونے پر سینیٹ کی خالی نشست پر الیکشن کا شیڈول ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) پنجاب سے پی ٹی آئی کے اعجاز چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی جنرل نشست پر الیکشن 9ستمبر کو ہوگا۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ شیڈول کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 19اگست سے 20اگست تک جمع کروا سکتے ہیں اور 21اگست کو امیدواروں کی پہلی لسٹ جاری ہو گی۔

(جاری ہے)

ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق 23اگست تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لی جائے گی جس کے بعد 26اگست تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی جبکہ اپیلیٹ ٹریبونل 28اگست تک اپیلوں پر فیصلہ کرے گا۔

الیکشن کمیشن ترجمان کے مطابق 29اگست کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ لسٹ جاری کی جائے گی، 30اگست تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جبکہ 9ستمبر کو پنجاب اسمبلی میں پولنگ ہو گی اور ارکان پنجاب اسمبلی ووٹ ڈالیں گے۔ترجمان کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ ریٹرننگ آفیسر کے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔واضح رہے کہ سینیٹ کی یہ نشست 9مئی کیس میں ملنے والی سزا کے بعد پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری کے نااہل ہونے پر خالی ہوئی تھی۔