عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور معاشی استحکام ہمارا مشن ہے‘ خواجہ سلمان رفیق

جشن آزادی کے موقع پر سرحدوں پر فرائض سر انجام دینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں

جمعرات 14 اگست 2025 14:43

عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور معاشی استحکام ہمارا مشن ہے‘ خواجہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقاریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں پرنسپل پروفیسر زوہرہ خانم، ایم ایس ڈاکٹر عابد محمود غوری و دیگر فیکلٹی ممبران کے ساتھ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں لیگی رہنما بیگم ذکیہ شاہ نواز،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی سی پروفیسر بلال محی الدین، ایم ایس ڈاکٹر عامر رفیق بٹ، پروفیسر ثاقب شفیع، پروفیسر انجم جلال، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق سمیت فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر پرچم کشائی بھی کی اورصوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آج تمام سرکاری طبی اداروں میں یوم آزادی کے سلسلہ میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے، آزادی رب العزت کی ایک انمول نعمت ہے جس کی قدر کرنی چاہئے۔ہم نے پاکستان لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے،جشن آزادی کے موقع پر سرحدوں پر فرائض سر انجام دینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ 78 واں یومِ آزادی، اجداد کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے اور شکر بجا لانے کا دن ہے۔ 14 اگست تجدید عہد کا دن کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور معاشی استحکام ہمارا مشن ہے،وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ جشن آزادی کی شان و شوکت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے،ساملی مری میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر بنا رہے ہیں۔

آج کے دن ہم فلسطین اور کشمیر کی آزادی کیلئے بھی دعا گو ہیں۔لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنائے جا رہے ہیں۔